0
Tuesday 30 Apr 2024 05:57

غزہ میں جنگبندی کیلئے مصر اور قطر سے تعاون کریں گے، جو بائیڈن

غزہ میں جنگبندی کیلئے مصر اور قطر سے تعاون کریں گے، جو بائیڈن
اسلام ٹائمز۔ آج صبح دوحہ کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے خبر دی کہ امریکہ کے صدر "جو بائیڈن" اور قطر کے امیر "شیخ تمیم بن حمد آل ثانی" نے ایک ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ جس میں غزہ و مقبوضہ فلسطین کی تازہ ترین صورت حال اور وہاں پر فوری و مستقل جنگ بندی کے لئے دونوں ممالک کی کوششوں کے بارے میں مشاورت کی گئی۔ اس کے علاوہ دونوں سربراہان مملکت کی گفتگو میں دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات، ان کی حمایت اور مضبوطی کے طریقہ کار کے ساتھ ساتھ علاقائی و بین الاقوامی مسائل مورد بحث قرار پائے۔ ابھی تک اس گفتگو کی زیادہ تر تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔ تاہم وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا کہ امیر قطر سے گفتگو میں جو بائیڈن نے اس بات کا یقین دلایا کہ واشنگٹن، دوحہ اور قاھرہ کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے تعاون کرے گا۔ وائٹ ہاؤس نے مزید بتایا کہ دونوں امریکی و قطری فریقین نے غزہ میں انسانی امداد کی رسائی بڑھانے کے لئے جاری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس بیان کے مطابق جو بائیڈن نے تمام قیدیوں کی رہائی کے لئے دوحہ کے حکام اور امیر قطر کی کوششوں کو سراہا۔ امریکی صدر اور امیر قطر نے آنے والے دنوں میں براہ راست اور متعلقہ ٹیموں کے ذریعے رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ قبل ازیں "ریاض" میں قطری و امریکی وزیر خارجہ ملاقات بھی کر چکے ہیں۔ اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ اور علاقے کی صورت حال پر سیر حاصل گفتگو کی۔
خبر کا کوڈ : 1132056
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش