0
Tuesday 29 Nov 2011 20:46

پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، صدر زرداری

جمہوریت مخالف قوتیں سازشیں کر رہی ہیں، صدر زرداری
پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، صدر زرداری
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکہ پر واضح کیا ہے کہ مہمند ایجنسی جیسا واقعہ ناقابل برداشت ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے تعاون کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں پاکستان میں متعین امریکی سفیر کیمرون منٹر سے ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔ تقریباً ایک گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہنے والی ملقات میں مہمند ایجنسی میں نیٹو فورسز کے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، پاک امریکہ تعلقات میں کشیدگی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا جبکہ کیمرون منٹر نے امریکی حکومت کی جانب سے ایک اہم پیغام بھی صدر مملکت تک پہنچایا۔

 صدر زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پہلے بہت قربانیاں دے چکا ہے اور مہمند ایجنسی جسیا واقعہ ہمارے لئے ناقابل برداشت ہے جبکہ اس واقعے پر تمام سیاسی قوتوں، فوج اور عوام میں سخت تشویش پائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، پاکستان کی سالمیت اور سلامتی کا سب کو احترام کرنا ہو گا۔ صدر کا کہنا تھا کہ نیٹو فورسز کی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی اور پاکستانی چیک پوسٹوں پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعے پر حکومت پاکستان کو سخت تشویش ہے، جبکہ مستقبل میں ایسی کسی بھی کوشش پر پاکستان اپنے دفاع کا حق پورا محفوظ رکھتا ہے۔ صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ اچھے اور پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔ ملاقات کے دوران امریکی سفیر نے نیٹو حملے میں پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا بھی اظہار کیا اور اس حوالے سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

جمہوریت مخالف قوتیں سازشیں کر رہی ہیں، صدر زرداری
ادھر پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور صدر مملکت آصف علی زردای نے کہا ہے کہ کارکن، جمہوریت کیخلاف برسرپیکار قوتوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہو جائیں اور ملک کو مستحکم بنانے کیلئے پیش رفت جاری رکھیں۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کے پینتالسویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کیخلاف کی جانیوالی سازشوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے شہید بے نظیر بھٹو کے ویژن پر عملدرآمد جاری رہے گا، شہید بھٹو نے جمہوریت کیلئے اپنی جان کانذرانہ پیش کیا۔ 

صدر مملکت نے کہا کہ انیس سو تہتر کے آئین سے آمریت کے دھبے دھو دیئے ہیں، انھوں نے کہا کہ فاٹا اور ایف سی آر میں اصلاحات متعارف کرا دی گئی ہیں۔ سیاسی مفاہمتی عمل کے ذریعے جمہوریت کو مضبوط بنانے اور شدت پسندوں کیخلاف اقدامات کئے گئے ہیں۔ صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کا غربت کے خاتمے کیلئے بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے۔ انھوں نے ان حکومتی اقدامات کو بڑی فتوحات سے موسوم کرتے ہوئے کہا کہ کارکن  پارٹی اور قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 118467
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش