0
Wednesday 7 Dec 2011 22:19

جو لوگ مسلمانوں کو لڑانے کی کوشش کرتے ہیں، ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، محمد حسین محنتی

جو لوگ مسلمانوں کو لڑانے کی کوشش کرتے ہیں، ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی صورتحال پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے افراد نے مل جل کر اپنا کردار ادا کیا ہے جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص پولیس اور رینجرز کی کارکردگی بھی اطمینان بخش رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال محرم الحرام کے موقع پر ملک دشمن عناصر جان بوجھ کر ایسے حالات پیدا کردیتے ہیں جس سے مذہبی منافرت کو ہوا ملے اور شیعہ سنی باہم دست و گریباں ہوجائیں مگر اب تمام مکاتب و مسالک سے وابستہ افراد اور علمائے کرام اس سازش کو پہچان چکے ہیں اور ایسی ہر سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام پرامن مذہب ہے اور یہ اپنے ماننے والوں کو بھی امن و آشتی کا درس دیتا ہے، جو لوگ مسلمانوں کو لڑانے کی کوشش کرتے ہیں، ان کا اسلام اور حسینیت سے کوئی تعلق نہیں، خود امام حسنؑ اور امام حسینؑ کی زندگی اس امر پر گواہ ہے کہ انہوں نے تفرقہ بازی کو کبھی پسند نہیں کیا اور ہمیشہ اتحاد و اتفاق اور باہمی رواداری، اخوت، ہمدردی و یگانگت کا درس دیا۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم ہر لمحہ چوکس و بیدار رہنے کی ضرورت ہے، اس وقت ملک جس نازک صورتحال سے دوچار ہے، ایسے میں بیرونی قوتیں باہمی انتشار پھیلانے کیلئے سرگرم عمل ہیں، ہمیں ایسے ہر شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنی ہوگی جو امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 120422
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش