0
Monday 19 Dec 2011 02:45

صدر زرداری کی وطن واپسی، ناقدین حیران ہوگئے

صدر زرداری کی وطن واپسی، ناقدین حیران ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ میرے حوالے سے مختلف قسم کی افواہیں پھیلانے والے لوگ قوم سے معافی مانگیں۔ صدر زرداری قریبا 10 روز دبئی میں زیر علاج و قیام کے بعد کراچی پہنچ گئے ہیں، پاکستان کی فضائی حدود میں صدارتی طیارے کے داخل ہوتے ہی ملک میں افواہیں دم توڑ گئیں اور ان کے مخالفین و ناقدین حیران رہ گئے۔ اسلام ٹائمز کے نمائندے کے مطابق صدر کے طیارے نے کراچی میں واقع مسرور ایئربیس پر لینڈنگ کی، جہاں سے انہیں 10 سے 12 سیکورٹی گاڑیوں کے حصار میں ماڑی پور روڈ سے گزارتے ہوئے بلاول ہاؤس لے جایا گیا۔
نمائندے کا کہنا ہے کہ حیرن کن طور پر صدر کی سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات نظر نہیں آئے یہاں تک کہ شہر کی اہم ترین گزرگاہ شاہراہ فیصل پر جہاں کسی وزیر کی آمد پر بھی ٹریفک معطل کرا دی جاتی ہے تاہم اس دوران ایسا کچھ نظر نہیں آیا۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ 3 روز اسی مقام پر قیام کریں گے، صدر زرداری کے معالج بھی ان کے ساتھ ہی موجود رہیں گے، صدر کی عارضی قیام گاہ کو ایوان صدر کا درجہ دیا گیا ہے۔ نمائندے کے مطابق صدر آصف علی زرداری کے سیاسی مشیر اور پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر فیصل رضا عابدی آج پیر کو دن کے کسی وقت ان سے ملاقات کے لیے بلاول ہاؤس پہنچیں گے۔
پاکستان کے سینئر صحافی و کالم نگار حامد میر کے مطابق صدر مملکت سے ان کا فون پر رابطہ ہوا ہے جس پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ علاج کی غرض سے دبئی جاتے ہی میرے خلاف پاکستان میں طرح طرح کی خبریں چلائی گئی اور قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جاتی رہی حالانکہ میں جس مقصد سے گیا تھا اس کے پورا ہوتے ہیں واپس لوٹ رہا ہوں۔ صدر زرداری نے کہا کہ ایسے تمام لوگوں کو جو عوام میں میرے یا حکومت کے حوالے سے بدگمانی پھیلانے کے مرتکب ہوئے ہیں انہیں اب معافی مانگ لینی چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 123398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش