0
Tuesday 17 Jan 2012 22:53

وزیراعظم اپنا نکتہ نظر بیان کریں گے، پیپلز پارٹی عدالتوں پر پتھراﺅ کرنے والی جماعت نہیں، گورنر پنجاب

وزیراعظم اپنا نکتہ نظر بیان کریں گے، پیپلز پارٹی عدالتوں پر پتھراﺅ کرنے والی جماعت نہیں، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب سردار لطیف خاں کھوسہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عدالتِ عالیہ کے سامنے پیش ہو کر اپنا نکتہ نظر بیان کریں گے، پیپلز پارٹی عدالتوں پر پتھراﺅ کرنے والی جماعت نہیں۔ گورنر ہاﺅس لاہور میں انفارمیشن سروس اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے سی ایس پی افسران کے 31  رکنی تربیتی وفد سے خطاب اور سوالات کے جوابات دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اس وقت ہمیں سیاسی ذہانت اور تدبر سے کام لیتے ہوئے ذاتی مفادات کو پسِ پشت رکھنا ہے اور باہمی اتحاد و اتفاق سے جمہوری تسلسل کو برقرار رکھنا ہے کیوں کہ جمہوریت کی کامیابی ہی اداروں کی کامیابی ہے اور اداروں کی فتح ملک کے معاشی اور سیاسی استحکام کی ضمانت ہے۔
 
سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جمہوریت، عدلیہ کی بحالی، قانون اور آئین کی بالا دستی کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں ہیں۔ ہم نے ججوں کو بحال کیا اور عدلیہ کے وقار کے لئے ہمیشہ ڈکٹیٹروں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اداروں کا احترام کرتی ہے۔ تمام ادارے اپنی حدود و قیود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض منصبی ادا کرتے ہیں۔
 
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستا ن 19جنوری کو عدالتِ عالیہ کے سامنے پیش ہو کر اپنا نکتہ نظر بیان کریں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم وہ لوگ نہیں جنہوں نے عدالتوں پر پتھراﺅ کیا اور اس کے تقدس کا مذاق اُڑایا۔ ہم جمہوریت پسند لوگ ہیں اور اس کے تسلسل اور مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں۔ عدالتوں کی تکریم اور احترام اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سیاست میں تندی اور تیزی آتی رہتی ہے جو جمہوریت کا حُسن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے سے ہی جمہوریت پروان چڑھتی ہے اور جمہوریت کی مضبوطی سے ہی ملک کی ترقی اور عوام کی بھلائی وابستہ ہے۔ 

گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ سول افسران کسی حکومت کے نہیں، ریاست کے نمائندے ہوتے ہیں، انہیں چاہئے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں آئین اور قانون کے مطابق ادا کرتے ہوئے خود کو عوام کی خدمت کے لئے وقف کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومت اور ملک کے امیج کو سنوارنے اور نکھارنے میں سول افسران کا انتہائی اہم کردار ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کا آرٹیکل 231 افسران کو پابند کرتا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں غیر جانبداری سے ادا کریں۔ 

سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا دیا ہوا آئین عام آدمی کے تحفظ، انصاف کی فراہمی، مساوات اور آزادی رائے کی ضمانت دیتا ہے اور سول افسران کا فرض ہے کہ وہ حکومت کی پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے عوام کے حقوق کا خیال رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 131152
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش