0
Tuesday 17 Jan 2012 02:34

وزیراعظم گیلانی کا 19 جنوری کو سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ

وزیراعظم گیلانی کا 19 جنوری کو سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ

اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں جمہوریت کے حق میں قرارداد منظور ہونے پر وزیراعظم نے ایوان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک تاریخ ساز لمحہ ہے جب تمام پارٹیز نے مل کر جمہوریت کی بقاء کے لئے قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے اس قرارداد کے محرک اسفندیار ولی، جے یو آئی ف اور اتحادیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو ایک جمہوری عمل کے ذریعے پارلیمنٹ میں آئے ہیں، خیرات میں نہیں۔ انہوں نے قیدیں، جلا وطنیاں اور صعوبتیں برداشت کی ہیں۔ وزیراعظم نے اپوزیشن سے کہا کہ اگر آپ حکومت بنانا چاہیں تو آپ بھی انہی لوگوں سے ووٹ لیں گے یہ عوام کے منتخب کردہ نمائندے ہیں۔ عوام کے مینڈیٹ کی تذلیل نہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے آج دنیا کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان میں ایک خودمختار پارلیمنٹ موجود ہے۔ 

وزیراعظم کو کہنا تھا کہ یہ این آر او کیسز تو چار سال سے موجود ہیں۔ این آر او بنانے والے کون تھے اصل مجرم تو وہ ہیں۔ ہمیں عدلیہ آج قید کرنا چاہتی ہے لیکن این آر او کے خالق تو آزاد ہیں۔ انصاف یہ ہے کہ این آر او کے خالق کو پکڑا جائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے وزارت عظمٰی کا حلف اٹھانے سے پہلے عدلیہ کو آزاد کروایا اور نظر بند ججز کو اپنے ایک حکم سے آزاد کروایا۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ میں عدلیہ کو احترام نہ کروں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عدلیہ کو آزاد کروانے کے لئے مجھ پر انسداد دہشتگردی کی عدالت میں کیس چلایا گیا اور جیلوں میں ڈالا گیا۔ اس ملک میں خواہ فوج ہو یا عدلیہ ان کو جمہوریت کی حفاظت کرنا پڑے گی، یہ نہیں ہو سکتا کہ وہ سسٹم کو پیک اپ کر دیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ مجھے عدالت نے طلب کیا ہے میں عدلیہ کا احترام کرتے ہوئے عدالت کے روبرو پیش ہوں گا۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس،سپریم کورٹ کی طرف سے وزیراعظم کو توہین عدالت کے نوٹس اور قومی اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے مشاورت کی جا رہی ہے۔ اپوزیشن رہنماوں نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم گیلانی سپریم کورٹ میں پیش ہونگے، اتحادی جماعتوں کی تجویز، وزیراعظم کے پیشں ہونے کے متعلق فیصلے کا اعلان صدر زرداری نے خود کیا اور حمایت پر اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم ہاوس میں ہونے والے اجلاس میں صدر آصف علی زرداری نے بھی شرکت کی اور حمایت پر اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ، عوامی نینشل پارٹی، مسلم لیگ ق اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شریک ہیں۔ اجلاس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو سپریم کورٹ کی طرف سے این آر او عمل درآمد کیس میں 19 جنوری کو طلب کئے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے آج شام ہونے والے اجلاس میں اسفندیار ولی خان کی طرف سے جمہوریت اور سیاسی قیادت کی حمائت میں پیش کردہ قرارداد کے حوالے سے بھی فیصلہ کر لیا۔
 
آیت اللہ درانی نے کہا جمہوریت کی مضبوطی کے لئے اتحاد ضروری ہے اور جمہوریت کی خاطر اتحادی جماعتیں وزیراعظم کے ساتھ عدالت جائیں گی۔ اس سے قبل اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں قاضی حسین احمد، محمود خان اچکزئی اور آفتاب شیرپاو نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ان رہنماوں کو وزیراعظم کی خواہش پر ملاقات کے لئے بلایا گیا تھا۔ اپوزشین رہنماوں نے وزیراعظم کو جلد عام انتخابات کرانے کا مشورہ دیا۔

خبر کا کوڈ : 130865
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش