0
Wednesday 25 Jan 2012 14:51

کراچی، فائرنگ سے کالعدم سپاہ صحابہ کے 2 قانونی مشیر اور پولیس اہلکار سمیت 7 افراد قتل

کراچی، فائرنگ سے کالعدم سپاہ صحابہ کے 2 قانونی مشیر اور پولیس اہلکار سمیت 7 افراد قتل
اسلام ٹائمز۔ کراچی شہر میں ٹارگٹ کلنگ کی نئی لہر، اہلسنت والجماعت کے 2 قانونی مشیر اور پولیس اہلکار سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق رسالہ تھانے کی حدود پان منڈی میں فائرنگ سے 35 سالہ محمد علی عرف ماما ولد اعظم موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ 30 سالہ نعمان زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں مقتولین کا تعلق اہلسنت والجماعت سے تھا اور دونوں اہلسنت والجماعت کے قانونی مشیر تھے۔ 

پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹاون سیکٹر ساڑھے 11 غوثیہ محلہ میں نامعلوم افراد نے ڈیوٹی سے واپس جانے والے پولیس اہلکار  شاہد خان ولد اقبال کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا، جس کی لاش اسپتال منتقل کی گئی، مقتول 3 بچوں کا باپ، ایسٹ ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھا، جبکہ نیو کراچی تھانے کی حدود الیون ایف میں عبدالقیوم نامی شخص کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں دلہے کے دوستوں کی فائرنگ سے وقاص قریشی ولد جاوید قریشی جاں بحق ہو گیا۔ کھارادر تھانے کی حدود لی مارکیٹ نگار سینما کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ہے، پولیس کے مطابق مقتول کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔ شرافی گوٹھ تھانے کی حدود لانڈھی مانسہرہ کالونی میں تکرار کے دوران ملزمان نے گولی چلا دی، جس کے نتیجے میں 65 سالہ ضالع خان ولدجانے خان ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول آگرہ تاج کالونی کا رہائشی تھا اور پلاٹ کی خرید و فروخت کا کام کرتا تھا۔
 
لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ محمد اسحاق ولد محمد عباس ہلاک ہو گیا جبکہ 32 سالہ عبد الرشید زخمی ہو گیا، دونوں میمن سوسائٹی کے رہائشی ہیں۔ شاہ فیصل کالونی کی حدود 2 نمبر تھانے کے سامنے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ظفر فاروقی ولد الطاف حسین فاروقی شدید زخمی ہو گیا، پولیس کے مطابق متوفی کو 5 گولیاں لگی ہیں، جسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملیر کے علاقے کالا بورڈ کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر نوجوان دانش کو گولیاں ماردی گئیں، جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق سٹی کورٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اہلسنت والجماعت ( کالعدم سپاہ صحابہ ) کے 2 کارکن ہلاک ہو گئے، جس کے بعد لیاری میں ہنگامہ شروع ہو گیا اس دوران ہونے والی فائرنگ سے مزید ایک نوجوان ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا جبکہ مشتعل افراد نے ایک کار کو آگ لگا دی اور دکانیں و کاروبار بند ہو گیا۔ دریں اثناء فائرنگ کے دیگر واقعات میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔ پولیس کے مطابق منگل کو تھانہ رسالہ کی حدود سٹی کورٹ، سیدنا طاہر سیف الدین روڈ پر پان منڈی کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محمد علی ولد آدم ہلاک اور محمد نعمان ولد اسحاق شدید زخمی ہو گیا، متوفی کی لاش اور زخمی کو سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاکر نعمان بھی چل بسا، مقتولین اہلسنت والجماعت کے کارکن اور پارٹی کے قانونی مشیر بتائے جاتے ہیں۔
 
وہ لیاری، بغدادی کے رہائشی تھے ان کی لاشیں جب علاقے میں پہنچیں تو نامعلوم افراد نے ہنگامہ اور فائرنگ شروع کر دی، جس کی زد میں آکر نیا آباد میں 25 سالہ نوجوان محمد اسحاق ولد محمد عباس اور میمن سوسائٹی میں 45 سالہ رشید احمد ولد اکبر خان زخمی ہو گئے، دونوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے محمد اسحاق چل بسا، مذکورہ ہلاکتوں کے بعد علاقہ مکین سخت مشتعل ہو گئے اور نامعلوم افراد نے شاہ ولی اللہ روڈ پر ایک کار کو بھی آگ لگا دی، جو جل کر خاکستر ہو گئی، فائرنگ اور ہنگامے کے سبب لیاری، بغدادی، نیا آباد، کھارادر اور اطراف کے علاقوں میں دکانیں اور کاروبار بند ہو گیا، جبکہ رات گئے تک علاقے میں کشیدگی برقرار تھی، مزید برآں کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت پر فائرنگ سے 45 سالہ عبدالرزاق ولد عبدالمجید اور ماڈل کالونی میں فائرنگ سے ایک نامعلوم شخص زخمی ہو گیا۔
خبر کا کوڈ : 132972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش