0
Thursday 26 Jan 2012 19:36

پاک ایران گیس لائن پراجیکٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے‌، منصوبہ ضرور مکمل ہو گا، عبدالباسط

پاک ایران گیس لائن پراجیکٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے‌، منصوبہ ضرور مکمل ہو گا، عبدالباسط
 اسلام ٹائمز۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ایران پر اقوام متحدہ یا امریکی پابندیوں کی زد میں نہیں آتا۔ اس حوالے سے پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے۔ امریکا کے ساتھ سیاسی روابط کی بحالی کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔ بگرام ایئربیس پر 31 پاکستانی قید ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ عبدالباسط نے اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے چیپٹر سات کے تحت عائد کردہ پابندیوں کا پابند ہے، تاہم پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ان پابندیوں کی زد میں نہیں آتا اور یہ منصوبہ ضرور مکمل ہو گا، پاکستان نے اس حوالے سے اپنا موقف تبدیل نہیں کیا،اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں‌ ہو گا۔ ترجمان نے بتایا کہ افغانستان کی بگرام ایئر بیس پر 31 پاکستانی قید ہیں، ان پاکستانیوں کی رہائی کے لئے کابل میں پاکستانی سفیر امریکی مشن کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
 
ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی رابطے معمول کے مطابق جاری ہیں، تاہم پاک امریکہ سیاسی روابط ابھی تک منقطع ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے مجوزہ دورہ افغانستان کے لئے ابھی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا۔ پاکستان افغانستان میں مقامی مفاہمتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کو واپس بھیجنے کے لیے یو این ایچ سی آر کو قابل عمل منصوبہ تیار کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ قطر میں طالبان کا دفتر کھولنے کے لیے مبینہ پاکستانی معاونت سے متعلق سوال پر ترجمان نے لاعلمی کا اظہار کیا۔ روس کی بھارت کو ہھتیاروں کی فراہمی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک کو ہتھیاروں کی دوڑ سے گریز کرنا ہو گا۔ 
خبر کا کوڈ : 133306
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش