0
Friday 9 Mar 2012 22:35

پاک فوج نے شدت پسندوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے، وہ دوبارہ منظم نہیں ہوسکیں گے، کور کمانڈر پشاور

پاک فوج نے شدت پسندوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے، وہ دوبارہ منظم نہیں ہوسکیں گے، کور کمانڈر پشاور

اسلام ٹائمز۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا گھر ہے اور پاک فوج اس گھر کی حفاظت کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے، فوج نے شدت پسندوں کے عزائم خاک میں ملا دیے ہیں اور شدت پسند دوبارہ منظم نہیں ہو سکیں گے، پاک فوج اور عوام مل کر امن کو بحال رکھنے کے لئے جدوجہد کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل کبل کے علاقے توتانو بانڈئی میں پاک فوج کی جانب سے تعمیر ہونے والے قائداعظم یوتھ کمیونٹی سنٹر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جی او سی سوات میجر جنرل غلام قمر، بریگیڈ ئر بلال، کرنل جاوید، آئی ایس پی آر کے ترجمان کرنل عارف محمود، ایم پی اے وقار خان اور سابق ناظم سیف اللہ خان سمیت دیگر عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔

کور کمانڈر پشاور نے کہا کہ سوات دنیا کا خوبصورت ترین علاقہ ہے لیکن مٹھی بھر شدت پسندوں نے اسے یر غمال بنا کر یہاں کے عوام پر مظالم کی انتہاء کر دی تھی، پاک فوج نے عوام کے تعاون سے شدت پسندوں کے عزائم خاک میں ملا دیے ہیں اور اب دوبارہ وقت نہیں آئے گا، انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر علاقے کے امن کو بحال رکھیں گے اور جو لوگ امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے ہیں ان کے عزائم کو ناکام بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ پاک فوج قیام امن کے بعد اب علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ سوات کے لوگوں کو تفریح سمیت دیگر مواقع فراہم ہوسکیں، دریں اثناء کور کمانڈر پشاور نے کمیونٹی سنٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔

خبر کا کوڈ : 144262
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش