0
Friday 24 Feb 2012 01:51

پاکستان کی سلامتی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، کور کمانڈر پشاور

پاکستان کی سلامتی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، کور کمانڈر پشاور
اسلام ٹائمز۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو لاکھوں قربانیاں دیکر حاصل کیا ہے اور ہمیں اس کی سلامتی و بقا کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے، مجھے اس بات پر فخر ہے کہ جنوبی وزیرستان کے غیور اور خود دار قبائل نے اپنی فوج کا بھرپور ساتھ دیا اور ان دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے جنہوں نے پاکستان کو دہشت گردی کی نذر کیا اور پیسے کی خاطر اپنے معصوم قبائلی بھائیوں کو بدامنی کی آگ میں دھکیلا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈگری کالج ٹانک میں پاکستان آرمی کے زیر اہتمام DRIP سے فارغ التحصیل ہونے والے افراد سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جنوبی وزیرستان کے درجنوں سرکردہ عمائدین کے علاوہ پاک فوج جنوبی وزیرستان کے آپریشنل کمانڈر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ اور DRIP کے انچارج بریگڈئیر صابر علی بھی موجود تھے، خالد ربانی نے کہا کہ پاک فوج نیک نیتی اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوکر اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے، اسلام ہمیں امن، بھائی چارے اور باہمی رواداری کا درس دیتا ہے، اس لئے ہمیں تفرقہ بازی ترک کرکے باہمی یگانگت کو فروغ دینا چاہیے تاکہ ہم اپنے قومی وسائل کو بہتر طور پر استعمال کرتے ہوئے ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرسکیں۔

واضح رہے کہ پاک فوج نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی ہدایت پر ٹانک میں اکتوبر 2011 میں DREP کے نام سے ایسی فلاحی تحریک کا آغاز کیا جس سے قبائلی معاشرے کو انتہا پسندی سے دور کرکے از سرنو متحد کیا جاسکے اور بھٹکے ہووئوں کو ایک بار پھر قومی دھارے پر واپس لاتے ہوئے معاشرے کا ایک مفید فرد بنایا جائے اور علاقے میں دیر پا امن اور استحکام حاصل کیا جاسکے۔ ڈگری کالج ٹانک میں قائم اس ادارے میں مشتبہ افراد کو دینی، پیشہ ورانہ اور جسمانی تربیت کے مختلف مراحل سے گزارا گیا اور معاشرے کا مفید رکن بنانے کے لئے ایک مربوط تکنیکی پروگرام کے زریعے انہیں بڑھی، درزی، الیکٹریشن، راج گیری، پینٹر اور پلمبر جیسے کاموں کی تربیت دی گئی، تقریب کے اختتام پر کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل خالد ربانی نے تربیت مکمل کرنے والے افراد میں اسناد تقسیم کیں اور تحریک کے شرکا کی کارکردگی کو سہراہا، کور کمانڈر پشاور نے قبائلی عمائدین پر زور دیا کہ وہ بھٹکے ہوئے افراد کو دوبارہ راہ راست پر لانے میں کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 140338
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش