0
Sunday 11 Mar 2012 11:49

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ دوبارہ شروع ہو سکتی ہے، وزیر داخلہ سندھ

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ دوبارہ شروع ہو سکتی ہے، وزیر داخلہ سندھ
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان نے کہا ہے کہ میری ہر ممکن یہی کوشش ہے کہ میں کراچی کو امن دے سکوں، کچھ لوگ کراچی میں سکون نہیں چاہتے، ہمیں ایسی رپورٹس ملی ہیں کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے، صوبائی حکومت ایسی کسی بھی کوشش اور سازش کو ناکام بنادے گی۔ ہفتہ کے روز انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کے تعاون سے کراچی میں امن قائم کریں گے۔ کراچی کو امن کا گہوارہ بنا دیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ بطور وزیر داخلہ میرا فرض ہے کہ کراچی میں امن و امان کو قائم رکھوں۔ میرے آنے کے بعد کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کم ہوئی ہے۔ گذشتہ چند ماہ میں کراچی کے حالات بہت بہتر تھے۔ عمران خان اور فضل الرحمن کے جلسوں میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹیں مل رہی ہیں کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے، ایسی کسی بھی کوشش اور سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ رینجرز کو مکمل اختیارات دے دیے گئے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز کو قابو کرنا ایک چیلنج ہے اور سیاسی پارٹیوں کے تعاون سے ہم اسٹریٹ کرائمز اور بھتہ خوری کو ختم کریں گے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ گذشتہ ایک ماہ سے جرائم پیشہ عناصر ایک بار پھر سرگرم ہو گئے ہیں۔ اسٹریٹ کرائمز اور بھتہ خوری کی کارروائیاں سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ پریشان ہے صوبائی حکومت بھتہ مافیا کیخلاف اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ شرپسند کرمنل مافیا کے لوگ پھر سرگرم ہو گئے ہیں۔ شہر میں اسٹریٹ کرائمز کا کاروبار دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ خوشی ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان نے اس کا نوٹس لیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 144652
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش