0
Saturday 10 Mar 2012 17:41

دہشت گردی کا خدشہ، پنجاب میں تمام درباروں کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی

دہشت گردی کا خدشہ، پنجاب میں تمام درباروں کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی
اسلام ٹائمز۔ ڈائریکٹر جنرل اوقاف حسن رضوی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں اور ملک میں جاری دہشت گردی کے خطرہ کے باعث پنجاب کے تمام درباروں اور مزاروں میں سائلین کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی کا خاص اہتمام کیا گیا ہے جبکہ خفیہ کیمروں کی بدولت ریکارڈنگ کے ذریعے مانیٹرنگ کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے اپنے ایک خصوصی انٹریو میں انہوں کہا کہ مذہب کی بنیاد پر جھگڑے مسلمانوں کی پہچان نہیں بلکہ مذہب کو بنیاد بنا کر تفریق پیدا کرنے والے اسلام دشمن عناصر ہیں جو مذہب کے نام پر تفریق پیدا کر کے اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا ہے اور اسلامی بنیادوں پر قائم ہونے والے مملکت خداداد کے دشمن نہیں چاہتے کہ یہاں پر امن قائم ہو اسی لیے ان ملک دشمن عناصر نے مذہب کو بنیاد بنا کر تفرقہ بازی کو ہوا دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا دین ہے جو دشمنوں کے ساتھ بھی رواداری کا درس دیتا ہے اس لیے مسلمان نہ تو دہشت گرد ہو سکتا ہے اور نہ ہی خودکش بمبار بن سکتا ہے بلکہ تاریخ گواہ ہے جہاں جہاں بھی مسلمان برسراقتدار رہے وہاں پر ظلم اور زیادتی کا نام و نشان مٹ گیا تھا مگر بدقسمتی سے مسلمانوں کے اندر سے پیدا ہونیوالے غداروں نے ہمیشہ مسلمانوں کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اختلافات سے دشمنوں کو بھی موقعہ مل گیا اور اب اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کا کوئی بھی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔ انہوں نے کہا کہ اب علماء کرام پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی صفوں میں گھسنے والے اسلام دشمن اور ملک دشمن ایجنٹوں کو پہچانیں اور اسلام کا فلسفہ مسلمانوں پر واضح کریں تاکہ عام سمجھ بوجھ والے مسلمان کو بھی پتہ چل سکے کہ اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب ہے جو محبت اور اخوت کا درس دیتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیراہتمام پنجاب بھر کی مساجد میں اسلام اور پاکستان کی سربلندی کیلئے علماء کرام خصوصی طور پر خطابات کرتے ہیں اور ملک دشمن قوتیں مسلمانوں کو بدنام کرنے کیلئے کوئی نہ کوئی حربہ استعمال کرتے رہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 144462
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش