0
Tuesday 3 Apr 2012 22:49

حافظ سعید نہیں امریکہ خود دنیا کا بہت بڑا دہشت گرد ہے، سید منور حسن

حافظ سعید نہیں امریکہ خود دنیا کا بہت بڑا دہشت گرد ہے، سید منور حسن
 اسلام ٹائمز۔ امیرجماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے امریکہ کی جانب سے جماعۃ الدعوہ کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید کے سر کی قیمت ایک کروڑ ڈالر مقرر کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ خود دنیا کا بہت بڑا دہشت گرد ہے جس نے عراق اور افغانستان میں لاکھوں بے گناہ انسانوں کا قتل عام کیا ہے، حافظ محمد سعید پر کسی عدالت میں کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، امریکہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اپنے وحشیانہ مظالم کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبا دینا چاہتا ہے، امریکہ کے پاس دلیل کی قوت نہیں رہی اور اب وہ اسلحہ اور دھونس کے ذریعے اسلام پسند قوتوں کا گلا دبانے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے۔

سید منور حسن نے کہا کہ امریکہ جس دہشت گردی اور شدت پسندی کو ختم کرنے کا ڈھونگ رچا کر مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے، اس کے نتیجے میں امریکہ کے خلاف نفرت اور اشتعال میں اضافہ ہو رہا ہے، امریکہ کی منافقانہ پالیسیوں نے عالمی امن کو تباہ کر دیا ہے اور دنیا عالمی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم کی سرپرستی کر رہا ہے، اسی طرح کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے بھارت کی پشت پناہی کر کے خطے میں بھارت کو بالادست بنانا چاہتا ہے۔

سید منور حسن نے کہا ہے کہ امریکہ دھونس کے ذریعے پوری دنیا کا تھانیدار بننا چاہتا ہے، نئی دہلی میں امریکی نائب وزیر برائے سیاسی امور وینڈی شرمن کا پروفیسر حافظ محمد سعید کے سر کی قیمت مقرر کرنے کا اعلان انسانیت اور اخلاق کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ بیان بھارتی سرکار کو خوش کرنے کے لیے دیا گیا ہے کیونکہ بھارتی حکومت ممبئی حملوں کا ملبہ حافظ محمد سعید پر ڈالتی چلی آ رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بھارت خود مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے، لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کر چکا ہے اور مسلسل بائیس سال سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں وہ کس منہ سے ایک ایسے شخص پر جسے پاکستانی عدالتوں نے تمام الزامات سے بری قرار دے دیا ہے، دہشت گردی کا الزام لگا رہا ہے۔ سید منور حسن نے کہا کہ پوری قوم حافظ محمد سعید کے ساتھ ہے اور ان پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔
خبر کا کوڈ : 150174
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش