0
Tuesday 17 Apr 2012 01:24

امریکہ نے ڈرون حملے جاری رکھنے کا اعلان کر کے حکومت اور پارلیمنٹ کے منہ پر طمانچہ مارا ہے، منور حسن

امریکہ نے ڈرون حملے جاری رکھنے کا اعلان کر کے حکومت اور پارلیمنٹ کے منہ پر طمانچہ مارا ہے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں پارلیمنٹ کی سلامتی کمیٹی کی سفارشات کی متفقہ منظوری کی بازگشت ابھی سنائی دے رہی تھی کہ امریکہ نے ڈرون حملے جاری رکھنے کا اعلان کرکے حکومت اور پارلیمنٹ کے منہ پر طمانچہ مارا ہے اور امریکی ڈالروں پر پلنے والے حکمرانوں کی اوقات یاد دلائی ہے اور انہیں یہ باور کرایا ہے کہ غلاموں اور بھیک پر پلنے والوں کی کوئی اوقات نہیں ہوتی، حکومت اپنی پہلی قراردادوں پر عمل کرتی تو آج انہیں یہ ہزیمت اور شرمندگی نہ اٹھانا پڑتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ غازی خان میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد واپسی پر ملتان میں جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل رائو ظفر اقبال، ضلعی امیر پروفیسر افتخار چودھری و دیگر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
 
سید منور حسن نے کہا کہ عوام نے تین، چار بار پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کو اقتدار دے کر آزما لیا ہے، ان پارٹیوں نے عوام کو غربت، مہنگائی، بدامنی، لاقانونیت اور بےروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا بلکہ کرپشن اور بدعنوانی کے ذریعے ملک کے وسائل لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں اور بینک بیلنس بنائے۔ سید منور حسن نے کہا کہ لاقانونیت سے بچنے کیلئے گیلانی اور مہنگائی سے نجات کیلئے زرداری سے بچنا ضروری ہے، گیلانی لاقانونیت اور زرداری مہنگائی کا سمبل بن چکے ہیں، وزیر اعظم کو عدلیہ کی پرواہ ہے نہ صدر کو فاقہ کشی کے ہاتھوں تنگ خودکشیاں کرنے والوں سے کوئی سروکار ہے، دونوں بے شرمی کی تمام حدود پار کرکے دھڑلے سے اقتدار پر براجمان ہیں اور عدلیہ اپنے سابقہ فیصلوں پر عمل درآمد سے بے نیاز نئی تاریخیں دے کر وقت ضائع کر رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے روکنے کیلئے امریکہ کی منت سماجت کرنے والی پارلیمنٹ کیلئے حملے جاری رکھنے کا امریکی بیان تازیانہ ہے، امریکہ سے کسی بھلائی کی توقع رکھنے والوں سے بڑھ کر کوئی احمق نہیں، امریکہ نے نیٹو سپلائی پیمپرز اور بسکٹ منگوانے کیلئے بحال نہیں کروائی، امریکی کاسہ لیسوں نے پاکستان کو یرغمال بنا رکھا ہے، نیٹو سپلائی روکنے کیلئے قوم بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرے گی، یہ ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے۔ سید منور حسن نے کہا کہ قوم آج جن مسائل کے اندر گھری ہوئی ہے ان سے نکلنے کا واحد حل خطے سے امریکی انخلاء ہے۔
 
منور حسن نے کہا کہ حالات اس قدر تشویشناک ہیں کہ قومی سلامتی کے فیصلے امریکی کر رہے ہیں، پارلیمنٹ کے اندر بیٹھے ہوئے امریکی غلاموں نے نیٹو سپلائی کی بحالی کا فیصلہ کرکے قوم کی توہین کی ہے، پاکستان سمیت ۵۷ اسلامی ممالک کی فوجیں اپنے عوام کو تحفظ دینے کے بجائے مغربی سامراج کے ہاتھوں کھلونا بنی ہوئی ہیں، پاکستانی افواج اپنے ماٹو کو بھلا کر امریکی اشاروں پر ملک میں جگہ جگہ آپریشن کرکے اپنے شہریوں کا قتل عام کر رہی ہیں، جس سے فوج اور عوام کے درمیان نفرت پیدا کرنے کے امریکی منصوبے کو تقویت ملی ہے۔ سید منور حسن نے کہا کہ سیاچن میں برفانی تودے کے نیچے دب جانے والے قوم کے سپوت اپنے وطن کے دفاع کیلئے ناقابل برداشت سردی کو برداشت کرتے رہے جن کی سلامتی کیلئے پوری قوم دعاگو ہے۔
خبر کا کوڈ : 153914
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش