0
Tuesday 29 May 2012 17:04

عالمی برادری بلوچستان میں ظلم روکنے کے لئے فوری کردار ادا کرے، طلال بگٹی

عالمی برادری بلوچستان میں ظلم روکنے کے لئے فوری کردار ادا کرے، طلال بگٹی
اسلام ٹائمز۔ جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال بگٹی نے کہا ہے کہ سیکورٹی ادارے، سوئی ڈیرہ بگٹی انتطامیہ اور نام نہاد عوامی نمائندوں سے مل کر لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں۔ وہ کسی خوش فہمی میں نہ رہیں وقت آنے پر ان سے حساب لیا جائے گا۔ اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو پھر ہم بھی اقوام متحدہ اور سارک ممالک سے مدد کی اپیل کرینگے۔ بلوچوں نے کوئی جرم یا گناہ نہیں کیا کہ وہ معافی کے طلب گار ہوں۔ معافی وہ لوگ مانگیں جنہوں نے شہید وطن نواب اکبر بگٹی، بلوچستان کے ہزاروں افراد اور لال مسجد میں قتل عام کیا۔ اور لاکھوں بلوچوں کو محکوم بنا کر انکے ساحل اور وسائل پر قبضہ کیا۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے بگٹی ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سردار نیاز محمد بڑیچ، سید صالح آغا، چوہدری نوید اور جے ڈبلیو پی کی خواتین ونگ کی عہدیداران موجود تھیں۔

طلال بگٹی نے مزید کہا کہ ہمسایہ ملک افغانستان نے مظلوم بلوچوں کو اپنی سرزمین پر پناہ دی۔ جس کے ہم شکرگزار ہیں۔ اگر افغانستان پناہ نہ دیتا تو ہم خدا نخواستہ ریاستی دہشت گردی کے بھینٹ چڑھ جاتے۔ بلوچستان میں مزید خون خرابہ روکنے کے لئے عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔ تاکہ ہم اپنے گھر ڈیرہ بگٹی جاسکیں۔ جہاں جانے سے ہمیں دنیا کا کوئی قانون روک نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں روکا گیا تو ہماری نظریں بھی ان قوتوں کی جانب مائل ہونگی جو عالمی سطح پر انسانی حقوق کی علمبردار ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اس وقت ڈیرہ بگٹی میں ہمارے وسائل پر بندوق کے زور پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔ اب بھی ڈیرہ بگٹی میں ایف سی قلعے کو جیل بنادیا گیا ہے۔ جہاں سو سے زائد بلوچوں کو قید رکھا گیا ہے۔ ڈیرہ بگٹی سے بزور طاقت بے دخل کئے گئے لاکھوں بگٹی مہاجرین کو دوبارہ اپنے گھروں کو جانے سے روکنے کا بھی نوٹس لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچوں کو دیوار سے لگانے کے لئے مختلف حربے استعمال کئے جارہے ہیں، اور ملک کے دوسرے حصوں میں بھی بلوچ ریاستی دہشت گردی سے محفوظ نہیں رہے۔
 
انہوں نے کہا کہ جس طر ح چیف جسٹس آف پاکستان کی بحالی کے لئے اہل پنجاب نے لانگ مارچ کیا تھا، وہ ایک بار پھر ملک کو بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ بلوچستان میں مزید خون خرابہ روکنے کی خاطر عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ چیف جسٹس شہید نواب اکبر بگٹی کے قتل میں نامزد ملزمان کی آزادانہ نقل و حرکت کا نوٹس لیتے ہوئے انکے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کریں۔
خبر کا کوڈ : 166503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش