0
Friday 4 May 2012 03:30

بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، ایجنسیاں حکومت چلا رہی ہیں، عاصمہ جہانگیر

بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، ایجنسیاں حکومت چلا رہی ہیں، عاصمہ جہانگیر
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال مخدوش ہے، اگر توجہ نہ دی گئی تو یہ ملکی سلامتی اور جمہوری عمل کے لئے نیک شگون نہ ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ہائیکورٹ بار سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بلوچستان میں ماورائے عدالت گرفتاریوں اور گمشدگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح یہاں لوگوں کو اغواء اور لاپتہ کیا جا رہا ہے، اس سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ یہاں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، بلکہ ایجنسیاں حکومت چلارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا، اور اسلام آباد کو اب بھی صورتحال کا صحیح اندازہ نہیں، اگر اب بھی امن و امان کے قیام اور صورتحال کی بہتری کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو یہ ملکی سلامتی اور جمہوری عمل کے استحکام  کیلئے اچھا شگون نہیں ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ عدلیہ ہر مسئلے کا از خود نوٹس نہیں لے سکتی، حکومت کو بھی اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی اور حالات کے لئے ٹھوس عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں لوگوں کی مشکلات اور تکالیف میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے مگر ان کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے حکمرانوں نے کبھی کچھ نہیں کیا۔ عوام کی طرف سے منتخب حکومت کی جانب سے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کئے بغیر حالات کی بہتری ممکن نہیں اور فوری اقدامات نہ کئے گئے تو حالات اس نہج پر پہنچ جائیں گے کہ امن پر قابو پانا کسی کے بس میں نہیں رہے گا۔
 
انہوں نے کہا کہ ملک میں اداروں کے درمیان ٹکراو کی سی صورتحال پیدا کی جارہی ہے اور اس وقت مکمل طور پر تمام اداروں کو اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر فرائض انجام دینے چاہئیں۔ انہوں نے لیاری آپریشن پر بھی تشویش کا اظہار کیا، اس موقع پر بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ظہور احمد شاہوانی ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 158777
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش