0
Monday 18 Jun 2012 00:31

مہدی شاہ اپنے وعدے پر پورا اتریں، بشارت حسین

مہدی شاہ اپنے وعدے پر پورا اتریں، بشارت حسین
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی نگر کے کارکنوں نے قراقرم ہائی وے چھلت سول ہسپتال روڈ میٹل کرنے کے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے اعلان پر عملدر آمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے اپنے دورہ نگر کے دوران شین بر چھلت کے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تین کلومیٹر روڈ میٹل کرنے کی منظوری دی تھی تاہم پیپلز پارٹی نگر کے بعض ناعاقبت اندیش رہنماؤں کی بے جا مداخلت اور مخالفت کی وجہ سے عوامی اہمیت کی سکیم التواء کا شکار ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء بشارت حسین نے کہا کہ ہم نے بڑی محنت سے اس سکیم کو سالانہ ترقیاتی سکیم میں شامل کرایا تھا لیکن اب ان اطلاعات کی وجہ سے پیپلز پارٹی نگر کے حقیقی کارکنوں اور عوام میں شدید مایوسی کا شکار ہیں کہ یہ سکیم التواء کا شکار ہے۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے اپیل کی کہ وہ شین بر نگر کے چالیس ہزار عوام سے کئے گئے وعدے کو پورا کرتے ہوئے عوامی اہمیت کے اس منصوبے کی منظوری دے کر منی لاڑکانہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کریں تاکہ پیپلز پارٹی کی مقبولیت سے خائف ہوکر سازشیں کرنے والے عناصر کے عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے۔ بشارت حسین نے پیپلز پارٹی نگر اور شین بر کے عوام کو یقین دلایا کہ وہ اس سکیم کی منظوری اور ایسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہر قسم کی قربانی دینگے اور شین بر کے 40 ہزار عوام کو کسی صورت مایوس نہیں ہونے دینگے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے قراقرم ہائی وے تا چھلت روڈ میٹل کرنے کے منصوبے کیلئے 6 مہینے تک مسلسل جدوجہد کی ہے اور اس سکیم کی منظوری میرے زندگی کا اہم مشن بن چکا ہے۔ جسے کسی بھی قیمت پر پی پی پی کے کارکن کی حیثیت سے پارٹی قائدین سے لڑ کر بھی منظور کراؤنگا۔ جس کیلئے میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے مسلسل رابطے میں ہوں اور شین بر کے عوام کی آواز کو ان تک پہنچایا ہے اور امید رکھتا ہوں کہ چھلت کے عوام کی یہ سکیم منظور ہو جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 171829
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش