0
Monday 25 Jun 2012 18:44

کراچی کا امن تباہ کرنیکی اجازت نہیں دینگے، ایم کیو ایم کے مرکز وزیراعظم نہیں بھائی بنکر آیا ہوں، پرویز اشرف

کراچی کا امن تباہ کرنیکی اجازت نہیں دینگے، ایم کیو ایم کے مرکز وزیراعظم نہیں بھائی بنکر آیا ہوں، پرویز اشرف
اسلام ٹائمز۔ الطاف حسین نے نئے وزیراعظم کو جرات مندانہ فیصلے کرنے کی نصیحت کر دی، بروقت الیکشن اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا بھی مطالبہ کر دیا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا مسائل حل کرنے کے لئے متحد ہونا پڑے گا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتیں مفاہمت کی سیاست کو آگے بڑھائیں گی، اسی جذبے سے مشکل حالات میں سرخرو ہو کر نکلیں گے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وہ مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کر دیں گے۔ 

وزیراعظم کی نائن زیرو آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس دوران ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اپنے ٹیلی فونک خطاب میں وزیراعظم کو کہا کہ وہ ماضی کی غلطیوں کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کریں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بحران، گیس بحران کی وجہ سے محنت کش مشکل میں ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کی نااہلی، حسین حقانی کے استعفے اور رحمان ملک اور فرح اصفہانی کی معطلی جیسے فیصلوں کو حکمران جماعت نے قبول کیا، جس پر وہ تعریف کے مستحق ہیں۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو آمد، کہتے ہیں کہ یہاں وزیراعظم بن کر نہیں بھائی بن کر آیا ہوں، الطاف حسین کہتے ہیں کہ ملک کو ایسے ہی وزیراعظم کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف آج کراچی میں اتحادیوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ پیرپگارا سے ملاقات کے بعد وہ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی سے ملاقات کے لئے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو گئے، جہاں پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے صدر آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کی جانب سے الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگ سمجھتے تھے کہ پی پی پی اور ایم کیو ایم ایک ساتھ نہیں چل سکتیں، ایم کیو ایم نے اپنے رویئے سے اس بات کو غلط ثابت کر دیا ہے۔
 
اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستا کا کہنا تھا کہ ملک میں بہت مسائل ہیں ان کا سامنا مل کر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں تو انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں۔ اس دوران وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر بات چیت بھی کی۔ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران راجہ پرویز اشرف نے الطاف حسین سے کہا کہ ایم کیو ایم کے مرکز وزیراعظم بن کر نہیں بھائی بن کر آیا ہوں۔ دونوں جماعتوں کے درمیان مفاہمت اور تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر الطاف حسین نے کہا کہ آپ کا تعلق متوسط طبقے سے ہے، ملک کو ایسے ہی وزیراعظم کی ضرورت ہے۔ 

وزیراعظم نے نے کنگری ہاؤس کراچی میں فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیر پگارا سے بھی ملاقات کی۔ وفاقی وزیر منظور وٹو، مشیر داخلہ رحمان ملک اور مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم بھی پیرپگارا سے ملاقات میں شریک تھے۔ وزیراعظم نے پیرپگارا سے انکے والد شاہ مردان شاہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم نے پیرپگارا سے اپنی عقیدت کا اظہار بھی کیا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جب تک اللہ کی ذات چاہے گی اور اتحادی اعتماد کریں گے، وہ وزیراعظم رہیں گے اور مفاہمت کی پالیسی کو فروغ دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 174157
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش