0
Monday 28 Dec 2009 20:13

کراچی،عاشورہ کے مرکزی جلوس میں خودکش دھماکہ،40 افراد شہید،95 زخمی

کراچی،عاشورہ کے مرکزی جلوس میں خودکش دھماکہ،40 افراد شہید،95 زخمی

کراچی:کراچی میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس میں خودکش حملے میں 40افراد جاں بحق اور 95سے زائد زخمی ہو گئے۔وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے آج سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔خودکش حملہ آور نے جلوس کو لائٹ ہاؤس کے قریب نشانہ بنایا،جس کے بعد ہر طرف افراتفری  پھیل گئی۔چند نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ بھی کی اور ردعمل کے طور پر مشتعل افراد نے شہر کے مختلف علاقوں ایم اے جناح روڈ،گلستان جوہر،بلدیہ ٹاؤن،اورنگی ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں 465دکانوں،بسوں سمیت 70 گاڑیوں، تین بنکوں،دو پولیس چوکیوں اور متعدد املاک کو آگ لگا دی۔دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو سول،جناح اور دیگراسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔آخری اطلاعات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم 40 افرادجاں بحق اور صحافیوں سمیت  95 سے زائد زخمی ہوئے۔سول اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر کرار حسین کے مطابق سول اسپتال میں 38 لاشیں لائی گئیں۔جبکہ دوسری جانب جناح اسپتال میں دو لاشیں لائی گئیں۔متعدد زخمیوں کو نجی اسپتالوں میں بھی منتقل کیا گیا ہے۔خودکش دھماکے میں جاں بحق ہو نے والے افراد کی نماز جنازہ آج ایم اے جناح روڈ پر ادا کی جائے گی۔صدر آصف علی زرداری،وزیراعظم یوسف رضا گیلانی،متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے واقعے کی مذمت کی ہے اور عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے آج صوبہ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
 سانحہ کراچی،شہدا کی تعداد 40 ہو گئی
کراچی:ایم اے جناح روڈ کراچی پر یوم عاشور کے مرکزی جلوس میں خودکش دھماکے سے شہید ہونے والوں کی تعداد

چالیس ہو گئی۔ شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ آج نشتر پارک میں ادا کی جا رہی ہے۔اس موقع پر آج شہر بھر کی فضا سوگوار ہے جبکہ حکومت سندھ نے آج عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سانحہ کراچی میں شہید ہونے والے افراد کی اجتماعی نماز جنازہ آج نشتر پارک میں ادا کی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کراچی میں عاشورہ کے جلوس میں خودکش دھماکے کی تحقیقات کے لئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ادھر وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی آج یوم سو گ منانے کا اعلان کیا ہے جبکہ آج سندھ میں عام تعطیل ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ کے مطابق وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر آج صوبے میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ خودکش دھماکے کرنے والے ملک اور اسلام کے دشمن ہیں،کوئی مذہب بے گناہوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔دہشت گردی میں ملوث عناصر کافروں سے بھی بدتر ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں خودکش دھماکے کے فوراً بعد گھیراوٴ جلاوٴ سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سوچا سمجھا منصوبہ تھا جو جمہوریت اور پاکستان کے دشمنوں نے بنایا تھا۔انہوں نے کراچی کے شہریوں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔وزیر داخلہ نے سیکورٹی کیلئے اسکینرز فراہم کرنے پر حکومت چین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
کراچی،محرم الحرام کے جلوس میں خودکش حملہ،30افراد جاں بحق،80 زخمی
کراچی:کراچی میں محرم الحرام کے مرکزی جلوس میں خودکش حملے میں 30 افراد جاں بحق اور اسی سے زائد زخمی ہو گئے، دھماکے کے بعد مشتعل افراد نے متعدد گاڑیاں اور دکانوں کو آگ لگا دی۔خودکش حملہ آور نے جلوس کو ٹاور کے علاقے میں
نشانہ بنایا،زخمیوں کو سول،جناح،لیاقت نیشنل اور شہر کے نجی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔خودکش حملہ آور کا سر اور دھڑ مل گیا ہے اور حملہ آور کی شناخت کرنیوالے کو حکام کی جانب سے دس لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔خودکش حملے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائروں کو آگ لگا کر سڑکیں بلاک کر دیں جبکہ نامعلوم افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور 465 دکانیں،68 گاڑیاں اور مختلف املاک کو نذرآتش کر دیا گیا۔ایم اے جناح روڈ پر لائٹ ہاؤس سنگل پر ہونے والے خودکش حملے میں بچوں و رینجرز اہلکار سمیت 30 ہلاک جبکہ صحافیوں سمیت 80 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد کے مطابق 30  زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمی ہونے والے40 افراد کو جناح اسپتال جبکہ 40 کو جناح اسپتال اور دیگر کو آغاخان اسپتال منتقل کیا گیا ہے،اسپتالوں سے خون کی اپیلیں کی جا رہی ہیں۔حکام کے مطابق رینجرز اہلکار عبدالرزاق نے خودکش بمبار کو پکڑا تو اس نے خود کو اڑا لیا۔وزیر داخلہ عبدالرحمان ملک نے کہا ہے کہ یہ خودکش دھماکہ تھا اور ماتمی جلوس میں دھماکہ کرنے والے کافر ہیں۔ رحمان ملک نے آئی جی سندھ سلطان بابر خٹک سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ دوسری جانب سی سی پی او کراچی وسیم احمد نے کہا بتایا کہ دھماکے کے مقام سے ایک انسانی سر ملا ہے جو خودکش آور کا ہو سکتا ہے۔ اور صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم یوسف رضا گیلانی،متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے واقعے کی مذمت کی ہے اور عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔

خبر کا کوڈ : 17568
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش