0
Saturday 28 Jul 2012 14:41

امریکہ طالبان کی سرپرستی کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کر رہا ہے، رحمت وردگ

امریکہ طالبان کی سرپرستی کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کر رہا ہے، رحمت وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کراچی کے چیئرمین عبدالرشید ایڈووکیٹ کے قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف کئی طالبان گروپ افغانستان کے مختلف علاقوں میں قیام پذیر ہیں، جہاں وہ اپنے گروپوں کی تربیت، اسلحے کی فراہمی اور دیگر سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں اور ان کو امریکی نیٹو و افغان حکام کی مکمل سرپرستی حاصل ہے، کیونکہ امریکہ پاکستان کو غیر مستحکم کر کے 4 ٹکڑے کرنا چاہتا ہے اور اسی مقصد کے لئے ان طالبان گروپوں کو مکمل سپورٹ مہیا کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دراصل امریکہ مختلف طالبان گروپوں کی سرپرستی کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کر رہا ہے، جبکہ بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ پاکستان حقانی نیٹ ورک کو سپورٹ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی بار کہہ چکا ہے کہ حقانی نیٹ ورک سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی امریکہ اب تک پاکستان کا حقانی نیٹ ورک سے تعلق ثابت کرسکا ہے، جبکہ ساری دنیا کو علم ہے کہ پاکستان مخالف کئی طالبان گروپ افغانستان میں مکمل آزادی کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسامہ بن لادن سمیت 45000 طالبان کو امریکہ ہی افغانستان کی سرزمین پر لایا تھا اور اپنے مفادات کے حصول کیلئے پہلے انہیں مجاہدین پھر طالبان اور اب دہشتگرد قرار دیکر مسلسل اپنے مفادات حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیٹو سپلائی کے ٹرکوں کی نگرانی کیلئے کسی بھی غیر ملکی ایجنسی یا طیاروں کو اجازت دی گئی تو یہ عمل پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کیخلاف ہوگا اور یہ سمجھا جائیگا کہ پاکستان کو مکمل طور پر فروخت کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نیٹو سپلائی روٹ کی امریکی طیاروں کے ذریعے نگرانی کی اجازت دینے کے معاملے پر سرکاری موقف واضح کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہر صورت میں نیٹو سپلائی کو روکیں گے اور امریکی طیاروں کی نگرانی کی باتیں عوام کو ڈرانے کی سازش ہوسکتی ہے، پاکستان کے عوام غیور اور خوددار ہیں، وہ اللہ کی ذات کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتے اور امریکہ تو ان کے سامنے کچھ بھی نہیں، لہذا امریکہ کے غلام حکمران عوام کو ڈرانے کی کوشش نہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 182885
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش