0
Wednesday 1 Aug 2012 21:26

سید منورحسن کی قوم سے جمعہ 3 اگست کو برما کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی منانے کی اپیل

سید منورحسن کی قوم سے جمعہ 3 اگست کو برما کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی منانے کی اپیل
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے جمعہ 3 اگست کو قوم سے برما کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور برمی فوج اور بدھ مت کے غنڈوں کی طرف سے ہزاروں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف یوم احتجاج منانے کی اپیل کی ہے۔ سید منورحسن نے بدھ کے روز منصورہ سے جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی امن کے نام نہاد ٹھیکیدار وں کو برما میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل عام اور ان کو زندہ جلانے کے واقعات نظر نہیں آتے۔ چالیس لاکھ سے زائد مسلمانوں کو بدترین تعصب اور دہشتگردی کا سامنا ہے۔ لاکھوں اپنی جانیں بچانے کے لیے ہجرت پر مجبور ہیں مگر ان کو راستوں اور مہاجر کیمپوں سے پکڑ کر زبردستی مرتد ہونے پر مجبور کیا جارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ OIC اور عالمی برادری برما کے مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ پاکستان اقوام متحدہ میں فوری طور پر جنرل اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن دے اور برما کی حکومت سے برمی مسلمانوں پر مظالم بند کرنے کامطالبہ کیا جائے۔ برما کی صورتحال پر جلد قابو نہ پایا گیا تو لاکھوں مسلمانوں کے قتل عام اور بھوک پیاس سے مر جانے کا خطرہ ہے۔ یہ بہت بڑا انسانی المیہ ہے جس کی طرف کسی کا دھیان نہیں۔ ان مظالم کو رکوانے کے بجائے دنیا مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

سید منورحسن نے کہاکہ برما میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ حکومت اور فوج کی سرپرستی میں یہ سب کچھ ہو رہا ہے۔ عالمی میڈیا، یو این او سمیت انسانی حقوق کی ٹھیکیدار بین الاقوامی تنظیمیں بھی اس پر خاموش ہیں۔ المیہ یہ ہے کہ مسلمان حکمرانو ں نے بھی ان مظالم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور مسلمان حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ برما میں مسلمانوں کے قتل عام اور مظالم کو رکوانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ انہوں نے یو این او، انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیاہے کہ وہ برما کے مسلمانوں پر ظلم بند کرانے کے لیے کردار ادا کریں۔

سید منور حسن نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے برمی مسلمان بھائیوں کے قتل عام کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے جمعہ کو بڑے پیمانے پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوں تاکہ عالمی ضمیر اور غیرت و حمیت سے عاری مسلم حکمرانوں کو جھنجھوڑا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 184161
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش