0
Saturday 4 Aug 2012 05:37

کے ای ایس سی کی متعصب انتظامیہ کراچی کے ساتھ دشمنی کا عمل بند کرے، رابطہ کمیٹی

کے ای ایس سی کی متعصب انتظامیہ کراچی کے ساتھ دشمنی کا عمل بند کرے، رابطہ کمیٹی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کے ای ایس سی کی جانب سے کراچی میں بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باوجود صارفین کو اضافی بلوں کی فراہمی اور نیپرا کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں ایک روپے 60 پیسے فی یونٹ اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے کراچی کے صارفین کے ساتھ کھلی ناانصافی اور زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کے ای ایس سی کی انتظامیہ کراچی کے شہریوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ فی الفور بند کرے۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے جو قومی خزانے میں 70 فیصد سے زائد ریونیو جمع کرواتا ہے شہر میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کے سبب کاروباری زندگی بری طرح مفلوج ہے جبکہ ماہ رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے اوقات کار میں جاری طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں، لوڈشیڈنگ نے نہ صرف کراچی کی صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر کر رکھی ہیں بلکہ شہری زندگی کو بھی پوری طرح مفلوج کردیا ہے۔

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ طویل لوڈشیڈنگ کے باوجود کے ای ایس سی کی متعصب انتظامیہ کراچی کے صارفین کو ہر ماہ میٹر ریڈنگ سے زائد اضافی بل بھیج رہی ہے جبکہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر ہر ماہ نرخوں میں ناجائز اضافہ کرکے شہریوں پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا جارہا ہے جو کراچی کے عوام پر سراسر ظلم و ستم کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی کے عوام پہلے ہی مہنگی ترین بجلی استعمال کر رہے ہیں اور تمام تر مالی مشکلات کے باوجود اپنے بل باقاعدگی سے جمع کروا رہے ہیں ایسے میں کے ای ایس سی کی جانب سے صارفین کو اضافی بلوں کی فراہمی کھلی کراچی دشمنی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کے ای ایس سی کی انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ وہ کراچی کے شہریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑنے سے باز رہے اور کراچی دشمنی کا عمل بند کرے۔

رابطہ کمیٹی نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں سحر و افطار کے اوقات میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کراچی صارفین کو میٹر ریڈنگ سے زائد اضافی بل بھیجنے اور نیپرا کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نرخوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن واپس لیا جائے اور کے ای ایس سی کا کراچی اور اس کے شہریوں کے ساتھ معتصبانہ سلوک بند کرایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 184691
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش