0
Monday 13 Aug 2012 07:20

شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رہ) شجاع، نڈر اور مبارز انسان تھے، علامہ شفقت شیرازی

شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رہ) شجاع، نڈر اور مبارز انسان تھے، علامہ شفقت شیرازی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس شہر قم میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رہ) کی یاد میں ایم ڈبلیو ایم قم کی جانب سے عظیم الشان سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ سیمینار سے حجت الاسلام و المسلمین سید شفقت شیرازی سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کیا۔ سیمنار میں علماء کرام اور حوزہ علمیہ قم میں موجود دینی طلاب کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے آغاز میں یکم جولائی قرآن و سنت کانفرنس کے حوالے سے ایک ویڈیو کلپ کی نمائش کی گئی۔ مجلس وحدت مسلمین قم نے پروگرام کے اختتام پر دینی طلاب کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا ہوا تھا۔
 
شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رہ) کی چوبیسویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ اس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری امور خارجہ حجت الاسلام سید شفقت شیرازی نے کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی اپنی شہادت کے وقت بہت کم عمر تھے اور  وہ عین جوانی کے عالم میں شہید ہوئے، لیکن آج تک پاکستان کی ملت تشیع آپ کو نہیں بھلا سکی اور اسکی سب سے بڑی وجہ آپ کا خلوص اور خدا کی خاطر کام کرنا تھا۔ 

ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری امور خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ آپ شجاع، نڈر اور مبارز انسان تھے۔ ایک وقت جب قبلہ مفتی جعفر حسین کے دور میں اسلام آباد مظاہرے کے دوران حالات بہت کشیدہ ہوگئے اور علماء کرام پریشان ہونے لگے کہ اگر پولیس اور فوج کی طرف سے کسی سخت اقدام کی صورت میں جوانوں کی شہادت ہوگئی تو ان کے خون کا ذمہ دار کون ہوگا اور اسی وجہ سے بعض بغیر مطالبات کے واپس پلٹ جانے کا فیصلہ رکھتے تھے تو آپ نے آگے بڑھ کر سب کو مخاطب کیا اور کہا کہ اگرچہ یہاں افراد کی موت کا مسئلہ ہے، لیکن اگر ہم بغیر مطالبات منوائے واپس پلٹ جائیں گے تو یہ نظریہ کی موت کا باعث بنے گا۔ 

علامہ شفقت شیرازی کا مزید کہنا تھا کہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی (رہ) فرمایا کرتے تھے کہ ہمیں اپنی حفاظت خود کرنی ہے۔ آپ نے کہا کہ شہید کی ایک اور صفت معرفت ولایت، اطاعت ولایت، اور ربط با ولایت ہے۔ آپ ہمیشہ ولایت کے ساتھ مربوط رہے اور اس نظریہ سے ایک انچ بھی پیچھے نہ ہٹے۔ آپ نے شہید کی زندگی کے پہلووں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ  شہید عارف حسین الحسینی سارا دن فعالیت کرتے رہتے اور رات کو مصلٰی عبادت پر گذارتے تھے۔
خبر کا کوڈ : 187046
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش