0
Saturday 18 Aug 2012 03:04

فقہ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے شہریوں کا قتل گھناؤنی سازش ہے، الطاف حسین

فقہ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے شہریوں کا قتل گھناؤنی سازش ہے، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ گلگت، بلتستان بلوچستان اور مختلف شہروں میں باقاعدہ شناخت کرکے فقہ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے شہریوں کا قتل انتہائی قابل مذمت اور ملکی یکجہتی کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ بلوچستان میں ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں کو گاڑیوں سے اتار اتار کر باقاعدہ شناخت کرکے ایک مخصوص فقہ سے تعلق کی بنیاد پر ان کو قتل کرنے کے گھناؤنے واقعات ہو رہے ہیں، اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی خونریزی کے واقعات ہو رہے ہیں، گزشتہ روز بھی گلگت جانے والے مسافروں کی بس کو بابوسر میں روک کر 25 مسافروں کو باقاعدہ شناخت کرکے فقہ جعفریہ سے تعلق کی بنیاد پر بیدردی سے گولیاں ماری گئیں۔ اسی بنیاد پر ٹارگٹ کلنگ کے واقعات دیگر شہروں میں بھی ہو رہے ہیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ کسی ایک مخصوص کمیونٹی کو اس طرح نشانہ بنانا نہ صرف انتہائی قابل مذمت ہے بلکہ یہ واقعات ملک کو فرقہ وارانہ فساد، انتشار کی آگ میں جھونکنے کی سنگین سازش ہے، جس سے ملکی یکجہتی کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خونریزی کے ان واقعات کی فوری روک تھام کیلئے کارروائی کی جائے، ان میں ملوث سفاک قاتلوں دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ الطاف حسین نے دہشت گردی کے ان واقعات کا نشانہ بننے والے عوام سے بھی دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ فرقہ وارانہ فسادات کی ہر سازش کو اپنے اتحاد سے ناکام بنادیں۔
خبر کا کوڈ : 188380
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش