0
Sunday 19 Aug 2012 20:57

ملت تشیع پاکستان عیدالفطر کو یوم سوگ کے طور منائے، علامہ ناصر عباس جعفری

ملت تشیع پاکستان عیدالفطر کو یوم سوگ کے طور منائے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے پیغام میں پاکستان بھر کے اہل تشیع سے اپیل کی ہے کہ وہ سانحہ بابو سر کے شہداء سے اظہار یکجہتی کے لیے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر نماز عید میں شریک ہوں اور اس انسانیت سوز واقعہ کے خلاف پرزور احتجاج کریں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ گلگت بلتستان کے معصوم لوگوں کے قتل کے واقعات میں ریاستی ادارے برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا یقین ہوچکا ہے کہ کوئٹہ سے گلگت تک اہل تشیع کے منظم قتل عام میں دہشت گردوں کی سرپرستی کی جا رہی ہے، پاکستان کے بانی اور وارث ہم ہیں اور ہم میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ ان مٹھی بھر دہشت گردوں اور ان کے آقاؤں کو سبق سکھا سکیں، ریاستی ادارے اپنی ناکامی کا اعتراف کریں تو ہم دفاع وطن میں خون کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملت تشیع کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھنا اور دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دینا پاکستان کے مفاد کے برعکس ہے، حکمران امن عامہ کی بحالی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، ملک مزید خانہ جنگی کا متحمل نہیں ہو سکتا، بروقت تدارک نہ کیا گیا تو سامراجی قوتیں دہشت گردوں کے ذریعے شام جیسے حالات پیدا کرسکتی ہیں، جس کا خمیازہ ہماری اگلی نسلوں کو بھگتنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر سانحہ بابوسر کے ذمہ داروں کی گرفتاری عمل میں نہ آئی تو عیدالفطر کے بعد ملک بھر میں احتجاجی کال دیں گے اور تمام حالات کی ذمہ داری حکومت اور ریاستی اداروں پر ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم میڈیا کے ذریعے حکومت اور عوام کو امریکی سفارت کاروں کی گلگت میں آزادانہ نقل و حمل کے بارے میں آگاہ کرتے آئے ہیں، لیکن اس بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔ عوام کے غم و غصہ کو قابو میں رکھنا اب ہمارے بس کی بات نہیں رہی، لہٰذا حکومت ہمارے مطالبات کو سنجیدگی سے لے۔
خبر کا کوڈ : 188762
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش