0
Sunday 19 Aug 2012 21:14

قوم عید پر پاکستان کو عظیم تر بنانے کیلئے تجدید عہد کرے، فضل کریم

قوم عید پر پاکستان کو عظیم تر بنانے کیلئے تجدید عہد کرے، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین، مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے اہل وطن کے نام اپنے پیغامِ عید میں کہا ہے کہ عید کے موقع پر خوشحال لوگ محروم اور غریب طبقات کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے ایثار کا مظاہرہ کریں اور پوری قوم ملک کی ترقی، خوشحالی، تحفظ اور سلامتی کے لیے جدوجہد کرنے کا عہد کرے۔ انہوں نے کہا کہ غلامانِ رسول عید کے روز انقلابِ نظامِ مصطفی کی جدوجہد تیزتر کرنے کا حلف اٹھائیں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کے متفقہ شرعی اعلانِ عید کو تسلیم نہ کرنے والوں نے قومی وحدت کو پارہ پارہ کیا ہے اور خیبرپختونخواہ میں عید سے ایک دن قبل عید منانے کا اعلان قومی یکجہتی کے خلاف ہے، حکومت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ مغرب اور امریکہ کو ایٹمی پاکستان وارا نہیں کھاتا اس لیے عالمی سازش کے تحت پاکستان کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، قوم متحد ہو کر ملک دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم لسانی، علاقائی، نسلی اور فرقہ وارانہ تعصبات کو چھوڑ کر پاکستانیت اور اسلامیّت کی سوچ کو اپنائے، کشیدگی کی بجائے کشادگی کا راستہ اختیار کیا جائے اور ملک میں قیام امن کے لیے ہر شہری اپنا کردار ادا کرے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پوری قوم عید کے موقع پر پاکستان کو عظیم تر بنانے کے لیے تجدید عہد کرے اور کرپٹ افراد کو سیاست بدر کرنے کی جدوجہد کا آغاز کرے۔
خبر کا کوڈ : 188765
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش