0
Thursday 13 Sep 2012 21:24

مجلس وحدت مسلمین کا توہین آمیز فلم کیخلاف امریکی سفارتخانوں کے گھیراؤ کا اعلان

مجلس وحدت مسلمین کا توہین آمیز فلم کیخلاف امریکی سفارتخانوں کے گھیراؤ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے امریکہ میں تیار ہونے والی توہین آمیز فلم کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا، یہ اعلان ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہِ وسلم کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت ہے، ایم ڈبلیو ایم کل بعد از نماز جمعہ امریکی سفارتخانوں کا گھیرائو کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکی حکومت کی سرپرستی میں ہونے والی اسلام دشمن سرگرمیوں کی مذمت کرتے ہیں اور مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ کہ وہ اسلام اور عالم اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خلاف متحد ہو جائیں۔ دشمن ہماری غیرت کا امتحان لینا چاہتا ہے، وہ نہیں جانتا کہ رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کی ذات گرامی پر سارے مسلمان ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں توہین آمیز فلم کی تیاری اور اس کے نشر کرنے میں امریکی حکومت برابر کی شریک ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے امریکہ سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شان رسالت پاک صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم میں گستاخی کرنے والوں کو اس پاک سرزمین پر رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔
 
علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اقوام متحدہ کا مشن پاکستان کے مظلوموں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے خلاف سازش کے لیے آیا ہے، یہ مشن برما کیوں نہیں گیا، فلسطین کیوں نہیں جاتا جہاں بےگناہ لوگ آئے روز قتل ہو رہے ہیں، پاکستان کیخلاف عالمی سطح پر شازش ہو رہی ہے، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہم مظلوموں کے ساتھی ہیں، ہم نے اس ملک کی خاطر خون دیا ہے اور شہید دیئے ہیں۔ ہم اپنا سب کچھ دے سکتے ہیں لیکن اپنے وطن کے خلاف کسی سازش کو قبول نہیں کریں گے، وہ ادارے جو اس ملک کے محافظ ہیں اس وقت سے ڈریں جب پانی سر سے گزر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اہل تشیع و اہل تسنن دونوں مظلوم ہیں۔ ریاستی اداروں نے دونوں کے ساتھ کوئی اچھا سلوک نہیں کیا۔

سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ نبی پاک رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کی توہین سے تمام باضمیر مسلمانوں کے دل مجروح ہیں۔ آج ہم سوگ میں اور غمزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم کی تیاری ثابت کرتی ہے کہ امریکہ دنیا میں انسانیت کے نام پر ایک بدنما دھبہ ہے۔ اسلام میں تمام انبیاء واجب الاحترام ہیں، ہم تو بھارت کے مہاتما گاندھی کی توہین بھی جائز نہیں سمجھتے۔ انہوں کہا کہ امریکہ کا نظام احمقانہ ہے اور احمق لوگوں کے ہاتھوں میں ہے، انشاءاللہ یہ نظام ٹوٹ کر رہے گا۔
 
انہوں نے کراچی، لاہور میں فیکٹریوں میں آتشزدگی کے نتیجے میں ہونے والی اموات پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ان افسوسناک واقعات کی تحقیقات کے لیے ایک تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا جائے جو ان واقعات کی تحقیقات کرکے اصل حقائق عوام کے سامنے لائے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ کے روز اسلام آباد میں آل پاکستان شیعہ پارٹیز کانفرنس ہوگی، جس میں تمام شیعہ تنظیمیں شریک ہوں گی۔ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائیگا، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل بیان ہوگا۔ کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ 

پریس کانفرنس کے دوران ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی، سیکرٹری امور خارجہ علامہ سید شفقت شیرازی، سیکرٹری امور جوانان علامہ اعجاز حسین بہشتی، سیکرٹری فلاح و بہبود برادر نثار فیضی، سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین اور بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 195225
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش