0
Thursday 20 Sep 2012 21:21

امریکی سفیر کو ملک بدر کیا جائے، مسلم امہ کے احتجاج کے لہر میں امریکہ بہہ جائیگا، اطہر عمران

امریکی سفیر کو ملک بدر کیا جائے، مسلم امہ کے احتجاج کے لہر میں امریکہ بہہ جائیگا، اطہر عمران
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کل بروز جمعہ پورے ملک کے تعلیمی اداروں میں آئی ایس او پاکستان کے زیراہتمام احتجاجی حرمت (ص) رسول ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ شہروں میں آئی ایس او کے کارکن مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ مل کر گستاخانہ فلم کے خلاف بھرپور انداز میں احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملعون پادری کے ایما پر امریکی پروڈیوسر نے گستاخانہ فلم بنا کر اپنی خباثت کا ثبوت دیا ہے اور امریکی حکومت اس میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کے جوان ہر وقت حرمت رسول (ص) پر کٹ مرنے کے لئے تیار ہیں، امریکی حکومت آزادی اظہار کے نام پر شعائر اسلام کا مذاق اڑا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسی آزادی اظہار ہے کہ عیسائی اور یہودی کوئی حرکت کریں تو آزادی اور مسلمان کوئی چھوٹی سی بات بھی کر دے تو دہشت گردی شمار کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کا دوہرا معیار کھل کر دنیا کے سامنے آ چکا ہے اور مسلم امہ کے اس احتجاج کے لہر میں ہی امریکا بہہ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کا زوال شروع ہو چکا ہے اور ایران میں ہونے والی نام کانفرنس کی کامیابی کے بعد امریکا تنہا ہوگیا تھا اور اس گستاخانہ فلم کا مقصد بھی دنیا کو اپنی جانب متوجہ کرنا تھا، لیکن اس کا ردعمل امریکی توقعات سے بڑھ کر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت امریکی سفیر کو صرف طلب ہی نہ کرے، بلکہ اسے ملک بدر کر دیا جائے اور امریکا سے سفارتی تعلقات اس وقت تک منقطع کر دیئے جائیں جب تک وہ فلم بنانے والی پوری ٹیم اور ملعون پادری ٹیری جونز کو پاکستان کے حوالے نہیں کر دیتے، اور ان مجرمان کے خلاف پاکستانی عدالتوں میں مقدمہ چلا کر پھانسی کے پھندے پر لٹکا دیا جائے۔

اطہر عمران نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ احتجاجی مظاہروں میں جوق در جوق شریک ہوں اور امریکا سے اپنی برات کا کھل کر اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طلبہ برادری حرمت رسول (ص) کی محافظ ہے اور ہم کسی بھی گستاخ کو رسول اکرم (ص) کی شان میں گستاخی کی اجازت نہیں دے سکتے۔ اطہر عمران نے کہا کہ متحدہ طلبہ محاذ کے پلیٹ فارم سے بھی بہت جلد طلبہ برادری اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی اور طلبہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے اب عملی میدان میں آئیں گے۔
خبر کا کوڈ : 197141
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش