0
Thursday 20 Sep 2012 20:02

لاہور سمیت پورے ملک میں جمعہ 21 ستمبر کو گستاخانہ فلم کیخلاف یوم احتجاج منایا جائیگا

لاہور سمیت پورے ملک میں جمعہ 21 ستمبر کو گستاخانہ فلم کیخلاف یوم احتجاج منایا جائیگا
اسلام ٹائمز۔ تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں کل جمعہ کو ملک گیر سطح پر امریکی گستاخانہ فلم کے خلاف بھرپور یوم احتجاج منائیں گی۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی آفس میں "لبیک یا رسول اللہ (ص) ریلی" کی انتظامیہ اور دیگر وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل کا دن استعماری قوتوں کیلئے بھاری دن ثابت ہو گا، جب تمام امت مسلمہ وطن عزیز میں ایک پرچم تلے عشق رسول(ص) کا اظہار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں کی طرح پاکستان میں فقہ جعفریہ کی نمائندہ جماعت مجلس وحدت مسلمین ملک کے ہر حصے میں "لبیک یارسول اللہ(ص) ریلیوں" کا انعقاد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسی مناسبت سے لاہور میں بعداز نماز جمعہ سہ پہر 3 بجے ناصر باغ تا جی پی او چوک "لبیک یارسول اللہ(ص) ریلی" نکالی جائے گی اور اپنے آقا و مولا سے اپنے عشق کا برملا اظہار کریں گے۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ اگر مسلم امہ اسی طرح وحدت کا مظاہرہ آئندہ بھی کرتی رہی تو کسی کی جرات نہیں کہ وہ ہمارے عقائد، انبیاء اور مقدسات کی توہین کرنے کی جسارت کریں۔ انہوں نے کہا مجلس وحدت مسلمین کی ریلی میں تمام شیعہ تنظیمیں اور اہل سنت برادران بھرپور شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسلام دشمنوں کو پیغام دیں گے کہ ذات نبی اقدس (ص) پر تمام مسلمان متحد ہیں اور دفاع ناموس رسالت(ص) کے لئے میدان عمل میں حاضر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل مسلمانوں کے ازلی دشمن ہیں وہ مسلمانان عالم کو نقصان پہنچانے اور دل آزاری کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ہیں۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ہم تمام مسلمانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اور ملکر اسلام دشمن طاقتوں کا مقابلہ کریں اور استعماری اور صہیونی طاقتوں کو بتا دیں کہ محمد عربی(ص) کے ماننے والے کل بھی ایک تھے اور آج بھی ایک ہیں۔

دوسری جانب سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر یومِ احتجاج اور ہڑتال کے موقع پر کل 21 ستمبر کو لاہور میں احتجاجی جلوس ’’لبیک یا رسول اللہ ریلی‘‘ تین بجے دن ناصر باغ سے شروع ہو گی اور چیئرنگ کراس پہنچ کر ختم ہو گی۔ ریلی کی قیادت سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کریں گے۔ ریلی میں لاہور کی ہر یونین کونسل سے عاشقانِ رسول شریک ہوں گے۔ ریلی کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں اور سکیورٹی کے لیے ایک ہزار افراد پر مشتمل خصوصی دستہ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ’’لبیک یا رسول اللہ(ص) ریلی‘‘ کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ریلی کے دوران شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے زندہ دلان لاہور سے اپیل کی ہے کہ وہ قافلوں کی صورت میں ’’لبیک یا رسول اللہ (ص)ریلی‘‘ میں شریک ہو کر نبی کریم(ص) کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار کریں تاکہ امریکہ اور مغرب جان لے کہ عاشقانِ رسول ناموسِ رسالت کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

شیعہ علماء کونسل کے سینئر نائب صدر علامہ حافظ سید کاظم رضا نقوی نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شیعہ علماء کونسل بھی کل بروز جمعہ لاہور کے مال روڈ پر احتجاجی ریلی نکالے گی جس میں ملت تشیع کے ہزاروں غیور خواتین و حضرات ریلی میں شریک ہو کر نبی آخرالزمان (ص) سے اپنی والہانہ محبت اور امریکا سے اپنی شدید نفرت کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریلی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

مذہبی جماعتوں کے علاوہ سیاسی جماعتیں بھی احتجاجی ریلیاں نکالیں گی اور لاہور میں زیادہ تر جلوس مال روڈ پر ہی نکلیں گے۔ بہت سی تنظیموں نے لاہور پریس کلب اور امریکی قونصلیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہروں کی کال دے رکھی ہے لیکن گزشتہ روز سے ہی امریکی قونصلیٹ کی جانب جانے والی تمام شاہراہیں بڑے کنٹینرز لگا کر بند کر دی گئی ہیں، جن کی وجہ سے پورے لاہور میں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

گستاخانہ امریکی فلم کے خلاف پاکستان تحریک انصاف، پیپلز پارٹی علماء ومشائخ ونگ، نواز لیگ، تحریک تحفظ پاکستان، تحریک استقلال اور اقلیتی جماعتوں نے بھی کل کی ملک گیر ہڑتال اور احتجاجی تحریک میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ یاد رہے کہ کل پورے پاکستان میں ہڑتال ہو گی اور حکومت نے بھی ملک گیر چھٹی کا اعلان کر کے عوام سے ہڑتال کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔ کل پوری دنیا امریکا مردہ باد کے نعروں سے گونجے گی۔ ملعون پادری اور فلم کے پروڈیوسر کے پتلے نذرآتش کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 197131
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش