0
Thursday 11 Oct 2012 21:40

جہانگیر بدر اور فیصل رضا عابدی کو تحقیقاتی اداروں نے ہراساں نہیں کیا، رحمان ملک

جہانگیر بدر اور فیصل رضا عابدی کو تحقیقاتی اداروں نے ہراساں نہیں کیا، رحمان ملک
اسلام ٹائمز۔ سینیٹ اجلاس میں ایوان کو بیان دیتے ہوئے وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا کہ سینٹ میں قائد ایوان جہانگیر بدر اور سینیٹر فیصل رضا عابدی کو تحقیقاتی اداروں کی جانب سے ہراساں نہیں کیا جا رہا ہے، ایف آئی اے، آئی جی اسلام آباد دیگر تحقیقاتی ادارے صرف سپریم کورٹ کے حکم پر فیصل رضا عابدی کی طرف سے چیف جسٹس پر لگائے الزامات کی تحقیقات کررہے ہیں۔ اس سے قبل سینیٹر فیصل رضا عابدی نے سینٹ ہال میں احتجاجی دھرنا دیا۔

وزیرریلوے غلام احمد بلور نے ایوان کو تحریری جواب میں بتایا کہ گذشتہ تین سالوں میں ریلوے کو 86 ارب 83 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا اس دوران ریلوے کو 81 ارب 54 کروڑ روپے کی سبسڈی دی گئی۔ وزیرریلوے کے مطابق، یہ خسارہ سبسڈی اور اوور ڈرافٹ کے ذریعہ پورا کیا گیا۔ وزیر مملکت برائے دفاع سلیم حیدر نے ایوان کو تحریری جواب میں بتایا کہ ایئر بلو حادثے کے 113 متاثرین کو معاوضہ ادا کردیا گیا ہے تاہم اٹھارہ خاندانوں کو مقدمات کی وجہ سے ادائیگی نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کو ساٹھ لاکھ روپے فی کس معاوضہ ادا کیا گیا ہے۔

وزیرداخلہ رحمان ملک نے تحریری جواب میں ایوان کو بتایا کہ پاکستان کا دہری شہریت کے حوالے سے امریکا اور برطانیہ سمیت 16 ممالک کے ساتھ معاہدہ ہے۔ میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ مشرف نے 29 اگست 2002 کو امریکا سے دہری شہریت کا معاہدہ کیا تھا، جس کا مقصد پاکستان کو امریکا کی 52ویں ریاست بنانا تھا۔ انہوں نے ایوان سے مطالبہ کیا کہ حکومت اس معاہدے کو فوری طور پر منسوخ کرے۔ اجلاس کل صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 202834
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش