0
Saturday 17 Nov 2012 20:36

کراچی میں 9 اور 10 محرم الحرام کے جلسوں پر خودکش حملوں کے منصوبے کا انکشاف

کراچی میں 9 اور 10 محرم الحرام کے جلسوں پر خودکش حملوں کے منصوبے کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ یوم عاشور پر دہشت گردوں نے 9 اور 10 محرم الحرام کے جلسوں پر خودکش حملوں کا منصوبے کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ دہشت گرد حملوں کیلئے 6 خودکش بمبار کراچی پہنچ گئے۔ سیکیورٹی اداروں نے منصوبے کے انکشاف کے بعد محرم الحرام کے جلوسوں کیلئے سیکیورٹی پلان تیار کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق محرم الحرام کے دوران کراچی میں دہشت گردی کا خطرہ ٹل نہیں سکا۔ شہر میں موجود 6 سے زائد خودکش بمباروں کو قانون نافذ کرنے والے ادارے انٹیلی جنس ادارے کی پیشگی اطلاع کے باوجود پکڑ نہیں سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر سال کی طرح امسال بھی شہر میں محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کی کارروائیاں ہوسکتی ہیں۔ کیونکہ انٹیلی جنس ادارے نے محرم الحرام سے چند دن قبل مختلف اوقات میں 6 سے زائد خودکش بمباروں کے شہر میں داخل ہونے کی پیشگی اطلاع دیدی تھی۔ اطلاع پر سیکیورٹی اداروں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں تو کیں لیکن ان میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ تاہم اب بھی شہر کے مضافات علاقوں سمیت دیگر علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کئے جارہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیاں عاشورہ کے جلوس کے علاوہ عام دنوں میں رات کے وقت نکالے جانے والے جلوسوں میں ہوسکتی ہیں۔ ان اطلاعات کے بعد سیکیورٹی اداروں کو سختی سے ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ ہر مشتبہ شخص کی تلاشی لیں اور جلوسوں کی طرف آنے والی گاڑیوں کی تلاشی اور اس میں سوار افراد سے پوچھ گچھ کے ساتھ گاڑی کے کاغذات کی بھی مکمل جانچ پڑتال کریں۔ دوسری طرف قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منگھو پیر کے علاقے کنواری کالونی میں دو روز قبل ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد اختر محسود کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے واکی ٹاکی سیٹ، خودکش جیکٹ، اسلحہ اور سی سی ٹی وی کیمرے برآمد کرلئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اختر محسود نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ محرم کے جلوسوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے بڑے حملے ہوسکتے ہیں۔ تنظیم کی تیاری پوری ہے، یہ حملے رکشہ اور موٹر سائیکل کے ذریعے ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ حملے 8 محرم الحرام سے 10 محرم الحرام کے جلوسوں میں کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے مزید انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں 6 خودکش حملہ آور موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملزم سے رینجرز کمپلیکس پر ہونے والے خودکش حملے کی بھی تفتیش کی جارہی ہے جبکہ ملزم کے انکشاف کے بعد محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کیلئے بھی خصوصی پلان تیار کرلیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 212735
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش