0
Wednesday 21 Nov 2012 16:58

ایرانی قونصل جنرل عباس علی عبداللہی کا جامعہ بنوریہ عالمیہ کا الوداعی دورہ

ایرانی قونصل جنرل عباس علی عبداللہی کا جامعہ بنوریہ عالمیہ کا الوداعی دورہ
اسلام ٹائمز۔ برادر اسلامی ملک ایران کے کراچی میں قونصل جنرل عباس علی عبداللہی نے جامعہ بنوریہ عالمیہ میں جامعہ کے رئیس مفتی محمد نعیم سے الوداعی ملاقات کی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مفتی محمد نعیم نے مہمانوں کو جامعہ بنوریہ عالمیہ اور مدارس کے کردار کے باے میں تفصیلی بریفنگ دی، جس کے بعد ایرانی قونصل جنرل عباس علی عبداللہی نے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے علمی، فلاحی اور رفاعی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا اور بالخصوص مسلم دنیا کو جامعہ بنوریہ عالمیہ جیسے دینی اداروں کی حقیقتاً اشد ضرورت ہے جو مسلم دنیا کے نوجوانوں کو دینی علوم سے سیراب کرنے کے ساتھ رفاعی کام سرانجام دے رہے ہیں۔

اس موقع پر مفتی محمد نعیم نے معزز قونصل جنرل کی پاکستان میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ عباس علی عبداللہی نے حقیقی معنوں میں ایران اور پاکستان اور دونوں برادر ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اپنی بھرپور کوششیں کی اور ان میں کافی حد تک کامیاب رہے، کسی بھی ملک کے پاس عباس علی عبداللہی جیسے قابل سفارتکار بہت کم ہوتے ہیں، جنہوں نے بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب کے اپنی خدمات سرانجام دیں۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ برما، فلسطین سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف اقدام کرنے کے لیے مسلم دنیا کے حکمرانوں کو متحد ہونا پڑے گا کیونکہ موجودہ حالات میں اس کی اشد ضرورت ہے، حکومت ایران کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک صدی مسلم دنیا پر کافی بھاری گزری ہے، مسلمان اجتماعی طور پر ذلت اور رسوائی کا شکار رہے ہیں، جس کی بنیادی وجوہات مسلمانوں کے باہمی انتشار اور افتراق رہے ہیں اور غیر مسلم مسلمانوں کی اسی کمزوری سے فائدہ اٹھا کر استعماری قوتیں آئے روز مختلف مسائل جن میں فلسطین سمیت مسلم ممالک کو جارحیت کا نشانہ بناکر اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی گستاخی کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کر رہے ہیں، پوری دنیا میں شدید احتجاج کو بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ استعماری قوتیں مسلمانوں کو ختم کرکے دنیا پر حکومت کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ صرف دنیا کی سپر طاقتوں کے مفادات کا محافظ ہے جبکہ کئی مرتبہ ان سپر طاقتوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بھی پامال کیا لیکن ان ممالک کے خلاف کوئی بھی کارروائی نہیں کی گئی، جبکہ فلسطین میں پچھلے تین چار روز میں بمباری کرکے کئی مسلمانوں کو شہید کر دیا گیا ہے، دوسری طرف مسلمانان عالم ہر طرف ظلم کی چکیوں میں پس رہے ہیں، لیکن ان کی کوئی شنوائی کرنے والا نہیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ حقیقی کامیابی اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے، قرآن کریم اور سنت رسول ﷺ کی تعلیمات سے دوری کے باعث مسلمان دنیا میں اجتماعی طور پر ذلت کا شکار ہیں، مسلمانان عالم کو اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے متحد ہونا پڑیگا، جس طرح اہل کفر نیٹو کی شکل میں متحد ہوچکے ہیں۔ آج عالم کفر ہر طرف سے مسلمانوں پر حملہ آور ہیں، قرآن نے مسلمانوں کو اجتماعیت کا درس دیا جبکہ مسلمان بکھرے ہوئے ہیں اور عالم کفر نیٹو کی شکل میں متحد ہے، عالم اسلام کو اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے متحد ہونا پڑیگا۔
خبر کا کوڈ : 214025
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش