0
Thursday 24 May 2012 04:20

ایرانی قونصل جنرل عباس عبداللہی کی جامعہ بنوریہ عالمیہ میں مفتی نعیم سے ملاقات

ایرانی قونصل جنرل عباس عبداللہی کی جامعہ بنوریہ عالمیہ میں مفتی نعیم سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہویہ ایران کے کراچی میں قونصل جنرل عباس علی عبداللہی نے وفد کے ہمراہ جامعہ بنوریہ عالمیہ کا دورہ کیا جس میں انھوں نے ادارے کے مہتمم مفتی محمد نعیم سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ معزز مہمانوں نے جامعہ بنوریہ کے مختلف شعبہ جات جن میں شعبہ ملکی و غیر ملکی کے شعبہ حفظ و کتب، دورہ حدیث، دارالافتاء، لائبریری سمیت دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔ مفتی محمد نعیم نے مہمانوں کو جامعہ بنوریہ عالمیہ اور مدارس کے کردار کے باے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

ایرانی قونصل جنرل عباس علی عبداللہی نے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے علمی، فلاحی اور رفاعی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اور بالخصوص مسلم دنیا کو جامعہ بنوریہ عالمیہ جیسے دینی اداروں کی حقیقتاً اشد ضرورت ہے جو مسلم دنیا کے نوجوانوں کو دینی علوم کے حوالے سے سیراب کرسکیں۔ انہوں نے مفتی محمد نعیم کو عمرہ کی ادائیگی پر مبارک باد دی اور ایرانی حکومت کی جانب سے دورہ ایران کی دعوت دی۔ اس موقع پر مفتی محمد نعیم نے ایرانی سفیر کی جانب سے دورہ ایران کی دعوت اور معزز مہمانوں کے جامعہ بنوریہ آمد پر شکریہ ادا کیا۔

مفتی نعیم نے کہا کہ مسلم دنیا کے حکمرانوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے متحد ہونا پڑے گا کیونکہ موجودہ حالات میں اس کی اشد ضرورت ہے اور حکومت ایران کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک صدی مسلم دنیا پر کافی بھاری گزری ہے مسلمان اجتماعی طور پر ذلت اور رسوائی کا شکار رہے ہیں جس کی بنیادی وجوہات مسلمانوں کے باہمی انتشار اور افتراق رہے ہیں اور غیر مسلم مسلمانوں کی اسی کمزوری سے فائدہ اٹھا کر آئے روز مختلف مسلم ممالک کو جارحیت کا نشانہ بناکر دنیا پر حکومت کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ صرف دنیا کی سپر طاقتوں کے مفادات کا تحفظ کرتا ہے، جبکہ کئی مرتبہ ان سپر طاقتوں نے اقوام متحدہ کی قرارددوں کو بھی پامال کیا لیکن ان ممالک کے خلاف کوئی بھی کارروائی نہیں کی گئی جبکہ دوسری طرف مسلمانان عالم ہرطرف ظلم کی چکیوں میں پیس رہے ہیں لیکن ان کی کوئی شنوائی کرنے والا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حقیقی کامیابی اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے، قرآن کریم اور سنت رسول ﷺ کی تعلیمات سے دوری کے باعث مسلمان دنیا میں اجتماعی طور پر ذلت کا شکار ہیں، مسلمانان عالم کو اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے متحدہ ہونا پڑیگا جس طرح اہل کفر نیٹو کی شکل میں متحد ہوچکے ہیں۔ آج عالم کفر ہر طرف سے مسلمانوں پر حملہ آور ہیں، قرآن نے مسلمانوں کو اجتماعیت کا درس دیا جبکہ مسلمان بکھرے ہوئے ہیں اور عالم کفر نیٹو کی شکل میں متحد ہے، عالم اسلام کو اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے متحد ہونا پڑیگا۔
خبر کا کوڈ : 164902
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش