0
Monday 3 Dec 2012 14:06

دہشتگردوں کی فنڈنگ روکے بغیر دہشتگردی کے خلاف فائدہ حاصل نہیں کیا جاسکتا، شکیل قادری

دہشتگردوں کی فنڈنگ روکے بغیر دہشتگردی کے خلاف فائدہ حاصل نہیں کیا جاسکتا، شکیل قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شکیل قادری نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی فنڈنگ روکے بغیر دہشتگردی کے خلاف خاطر خواہ فائدہ حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت پائیدار امن کیلئے اقتصادی اور سماجی پہلوؤں پر توجہ دے ایک طرف معاشی طور پر عوام پریشان حال اور بھوک و افلاس سے مجبور ہوکر خودکشیاں کر رہے ہیں۔ تو دوسری طرف حکومت گیس و پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا عندیہ دیکر غریب و مظلوم عوام کو غربت کی لکیر سے نیچے کی طرف لے جانے کے درپے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں نے مکمل دور اقتدار میں عوام کو کسی قسم کا ریلیف دینے کے بجائے، گیس بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب عوام سے آخری لقمہ بھی چھین لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مرکز اہلسنّت پر مختلف علاقوں سے آئے ہوئے ذمہ داران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شکیل قادری نے کہا کہ ملک کی خودمختاری و سلامتی کیلئے حکومت سیسہ پلائی دیوار بن جائے۔ اس سلسلے میں حکمرانوں کو بھی اپنا دوہرا معیار ختم کرنا ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ دہشتگردی سب کا مشترکہ مسئلہ ہے ان کی فنڈنگ کو روکنا ہوگا اور ان کی کمین گاہوں کو ہائی لائٹ کرکے ان سے خالی کرایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردوں کے خلاف تفتیشی نظام مؤثر بنائے تاکہ دہشتگرد عدالتوں سے آسانی سے چھوٹ نہ سکیں بلکہ عدالتیں بھی انہیں آئینی طور پر انجام تک پہنچا سکیں۔ شکیل قادری نے کہا کہ معاشی استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ دہشت گرد غریب عوام کی معاشی کمزوری کا فائدہ اٹھا کر اپنے مقاصد کو پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کیخلاف مثبت قدم بڑھائے پاکستان سنی تحریک مکمل حمایت کرے گی بلکہ دہشتگردوں کے مکروہ چہروں سے بھی عوام کو وقتاً فوقتاً آگاہ کرتی رہیگی اور ان میں شعور بیدار کریگی تاکہ مذہبی جنونی دہشتگردوں کی شرپسندی سے عوام محفوظ رہ سکیں۔
خبر کا کوڈ : 217477
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش