0
Saturday 13 Mar 2010 01:09

لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں چند گھنٹوں کے اندر 7 دھماکے، متعدد زخمی

لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں چند گھنٹوں کے اندر 7 دھماکے، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز - جنگ نیوز کے مطابق پہلا دھماکا علامہ اقبال ٹاؤن کے کشمیر بلاک میں تھانے کے عقب میں واقع مسجد کے سامنے خالی گراؤنڈ میں ہوا، ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ گراؤنڈ میں دبائے گئے دھماکا خیز مواد پھٹنے سے ہوا۔ دھماکا انتہائی شدید تھا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، دکانیں بند ہو گئیں، بعض اطلاعات کے مطابق پہلے دھماکے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، کچھ ہی دیر بعد اسی علاقے میں پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن انعام الحق کے گھر کے باہر کھڑی کار میں دوسرا دھماکا ہوا، پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ اس کا معائنہ کر ہی رہا تھا کہ تھوڑی دور واقع ایدھی سینٹر کے قریب تیسرا دھماکا ہو گیا۔ چوتھا دھماکا ہما بلاک میں اسپتال سے ملحق ایک پولیس اہلکار کے گھر کے گیراج میں ہوا ہے، اور اس دھماکے میں بھی بعض افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ کریکر کے دھماکے ہیں اور ان میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ پانچواں دھماکا اقبال ٹاؤن کے کریم بلاک میں ہوا ہے، پولیس نے اقبال ٹاؤن سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ لاہور میں آج دوپہر کینٹ کے علاقے آر اے بازار میں دو خودکش دھماکے ہوئے تھے جن میں 39 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاون میں ایک اور دھماکہ ہوا ہے جس کے بعد لاہور مین ہونے والے دھماکوں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔ لاہور کے علامہ اقبال ٹاﺅن میں ایک گھنٹے میں یکے بعد دیگرے پانچ دھماکے ہوئے تھے جس کے بعد رات ساڑھے گیارہ بجے کشمیر بلاک کے مکان نمبر 220 کے سامنے بھی ایک دھماکہ ہوا تاہم پولیس کے مطابق یہ دھماکہ ٹرانسفارمر پھٹنے سے ہوا۔ لاہور کے تاجروں نے ہفتہ کو تمام کاروباری مراکز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ یکے بعد دیگرے ہونے والے دھماکوں سے شہر میں شدید خوف و ہراس کی فضا ہے اور سڑکوں پر ٹریفک بہت کم ہو گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 21859
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش