0
Saturday 13 Mar 2010 00:20

لاہور میں خودکش حملے، 40افراد جاں بحق، 95 زخمی

لاہور میں خودکش حملے، 40افراد جاں بحق، 95 زخمی
اسلام ٹائمز - اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں کینٹ کے علاقے آر اے بازار میں یکے بعد دیگرے دو خودکش حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 40 ہو گئی جن میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ 95 زخمی ہیں۔ آئی جی پنجاب طارق سلیم ڈوگر نے انتالیس افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائے وقوعہ سے اہم شواہد ملے ہیں۔ دہشت گردوں نے حملہ اس وقت کیا جب لوگ نماز جمعہ کی تیاری کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے نمازیوں کی سیکورٹی کیلئے موجود اہلکاروں کی دو گاڑیوں پر دستی بموں سے حملہ کیا، اس کے بعد کار اور موٹرسائیکل کے ذریعے دو خودکش حملے کئے۔ عینی شاہدین کے مطابق پہلا دھماکا بارہ بجکر 48 منٹ پر مسجد اور عید گاہ کے درمیان ہوا جبکہ تھوڑی ہی دیر بعد دوسرا دھماکا ایک فوٹو لیب کے قریب ہو گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز لاہور چودہری شفیق کے مطابق دونوں خودکش حملے پندرہ سیکنڈز کے وقفے سے ہوئے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی عمریں سولہ سے بیس سال کے درمیان تھیں۔ ایک حملہ آور کا سر پوری طرح محفوظ حالت میں قبضے میں لے لیا گیا۔ حملہ آوروں نے دس، دس کلو کی جیکٹس پہن رکھی تھیں۔ عسکری ذرائع کے مطابق خودکش حملوں میں پانچ فوجی جوان شہید اور دس زخمی ہوئے ہیں۔ واقعے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری ہاسپٹل، فوجی فاونڈیشن ہاسپٹل اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ دھماکوں کے بعد علاقے کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرے میں لے کر سیل کر دیا ہے۔ راستوں پر بھی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکوں کے بعد سرچ آپریشن کے دوران ایک مشکوک شخص کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 21857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش