0
Monday 17 Dec 2012 10:46

قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام کو یقینی بنائیں، قائم علی شاہ

قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام کو یقینی بنائیں، قائم علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاﺅس میں صوبہ سندھ باالخصوص کراچی میں امن و امان سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن، چیف سیکریٹری سندھ راجا محمد عباس، آئی جی پولیس سندھ فیاض احمد لغاری، ڈپٹی ڈی جی رینجرز برگیڈئیر محمد رفیق خان، ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی اقبال محمود، ایڈیشنل آئی جی (سی آئی ڈی)، ایڈیشنل آئی جی (اسپیشل برانچ)، کراچی کے ڈی آئی جیز شرقی، غربی، جنوبی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہوں و دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعدد ٹارگٹ کلنگ کے واقعات، رینجرز اور پولیس اہلکاروں کے قتل اور مذہبی و لسانی بنیادوں پر ہلاکتوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ صورتحال سے نبرد آزما ہونے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں اور مجرموں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

سید قائم علی شاہ نے مزید ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں اور قیمتی انسانی جانوں کو تمام ممکنہ تحفظ فراہم کیا جائے کیونکہ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے لہذا قانون نافذ کرنے والے ادارے لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقنی بنائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجرموں اور دہشت گرد عناصر، کلرز، بھتہ مافیا اور اغوا کنندگان کی مذموم سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور پیٹرولنگ میں مزید اضافہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ یہ قانون نافذ کرنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں جامع اور مربوط لائحہ عمل ترتیب دیں جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 221533
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش