0
Friday 1 Mar 2013 01:52

متحدہ اپوزیشن نے ٹرین مارچ کے شیڈول کا اعلان کردیا

متحدہ اپوزیشن نے ٹرین مارچ کے شیڈول کا اعلان کردیا
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے، ٹرین مارچ کراچی میں امن و امان کے قیام اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ عوام اس کا بھرپور استقبال کرکے ثابت کردیں گے کہ وہ ملکی سلامتی کیلئے شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں 3 مارچ سے شروع ہونے والے ٹرین مارچ کے سلسلے میں متحدہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، نائب امیر برجیس احمد، مسلم لیگ (ن) کے رہنما عرفان اللہ مروت، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا محمد غیاث، نیشنل پیپلز پارٹی کے سید ضیاء عباس، جمعیت علمائے پاکستان کے ڈاکٹر محمد صدیق راٹھور، محمد مستقیم نورانی، جمعیت علمائے اسلام (س) کے مفتی عثمان یار خان، عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، سندھ ترقی پسند پارٹی کے گلزار سومرو، پی ڈی پی کے بشارت مرزا، مسلم لیگ شیر بنگال کے ڈاکٹر علاؤ الدین اور دیگر نے خطاب کیا، اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امیر راجہ عارف سلطان بھی موجود تھے۔

رہنماؤں نے کہا کہ انتخابات کو بروقت ہونا چاہیے قوم کو تاخیر برداشت نہی، انتخابات شفاف اور غیر جانبدار ہونے چاہیں مگر ابھی تک جو عمل ہوا ہے اس میں جمہوریت کا راگ الاپا گیا ہے، شفاف انتخابات کے لئے اقدامات نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن یرغمال قوتوں کے ساتھ مل کر جو مؤقف اختیار کررہا ہے اس پر سپریم کورٹ نے ایک بار پھر نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی شفافیت آج سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین مارچ کراچی کو بچانے کی جدوجہد ہے، کراچی کے اندر 2012ء میں 2306 افراد قتل کئے گئے کوئی قاتل گرفتار نہیں ہوا، اس کی واحد وجہ ٹھپہ مینڈیٹ ہے، ہم پاکستان کی معاشی شہ رگ کو یرغمالی قوتیں سے نجات دلائیں گے۔

رہنماؤں نے کہا کہ ٹرین مارچ کا استقبال پورے ملک میں کیا جائے گا۔ کراچی میں جس طرح انسانوں کا قتل ہو رہا ہے اور سرمایہ منتقل ہو رہا ہے وہ لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ درست ووٹر لسٹ شفاف انتخابات کی بنیاد ہے، جب تک ووٹر لسٹوں کو درست نہیں کیا جاتا، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا سیاسی جماعتیں جدوجہد جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات ملکی سلامتی کیلئے ناگزیر ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تصدیقی عمل کو فوج کی نگرانی میں مکمل کرنے کے احکامات دئیے مگر محسوس ہوتا ہے الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ، قتل و غارت گری اور شفاف انتخابات کے لئے ہم نے ٹرین مارچ کا اعلان کیا ہے۔

رہنماؤں نے ٹرین مارچ کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین مارچ کا آغاز اتوار 3 مارچ کو علامہ اقبال ایکسپریس سے ہوگا، روانگی سے قبل کینٹ اسٹیشن پر 12 بجے دن الوداعی جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ دوران سفر قائدین حیدرآباد، ٹنڈو آدم، نواب شاہ اسٹیشنز پر استقبالی عوام سے خطاب کریں گے۔ رات کو قیام سکھر میں ہوگا، پیر 4 مارچ کو ٹرین روہڑی سے روانہ ہوگی، روانگی سے قبل جلسہ عام ہوگا اور قائدین خطاب کریں گے۔ دوران سفر قائدین خان پور، بہالپور اور دیگر اسٹیشنز پر استقبالی ہجوم سے خطاب کریں گے جب کہ رات کو ملتان میں قیام کیا جائے گا، منگل 5 مارچ کو ملتان سے روانگی بذریعہ خیبر ایکسپریس 12 بجے دن ہوگی، روانگی سے قبل ملتان کینٹ پر جلسہ عام ہوگا جس سے قائدین خطاب کریں گے، قائدین خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ اور لاہور اسٹیشن پر استقبال کرنے والے عوام سے خطاب کریں گے، جبکہ رات کو لاہور میں قیام کیا جائے گا، بدھ 6 مارچ کو لاہور سے روانگی بذریعہ عوام ایکسپریس صبح 8 بجے ہوگی، قائدین راستے میں مختلف اسٹیشنز پر استقبالی عوام سے خطاب کریں گے۔ ٹرین 6 مارچ کو ایک بجے دن راولپنڈی پہنچے گی جہاں قائدین استقبالی عوام سے خطاب کریں گے، اسی دن قائدین الیکشن کمیشن کے آفس میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 243242
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش