0
Wednesday 27 Feb 2013 02:32

کراچی، انتخابی فہرستوں میں دھاندلی کے خلاف متحدہ اپوزیشن کا 3 مارچ کو ٹرین مارچ کا اعلان

کراچی، انتخابی فہرستوں میں دھاندلی کے خلاف متحدہ اپوزیشن کا 3 مارچ کو ٹرین مارچ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ متحدہ اپوزیشن جماعتوں کا ایک اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی کی صدارت میں ادارہ نور حق میں ہوا، اجلاس میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے عمل میں فوج کو شامل نہ کرنے اور قبل ازیں انتخابات بڑے پیمانے پر ہونے والی دھاندلیوں کے خلاف 3 مارچ کو کراچی سے راولپنڈی تک ٹرین مارچ کا بھی اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے عرفان اللہ مروت، تحریک انصاف کے حفیظ الدین، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مفتی عمر صادق، مولانا محمد غیاث، جمعیت علمائے پاکستان کے محمد حلیم خان غوری، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر برجیس احمد، جمعیت علمائے اسلام (س) کے غلام مصطفی فاروقی، نیشنل پیپلز پارٹی کے سید ضیاء عباس، عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یار خان، مسلم لیگ فنکشنل کے ندیم مرزا، محمد یوسف ایڈووکیٹ، این پی پی کے مشتاق احمد اعوان، مسلم لیگ شیر بنگال کے محمد حسین شیخ، انور علی اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ ووٹر لسٹوں کی تیاری میں ہونے والی بے قاعدگیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر رائے عامہ کو بیدار کیا جائے گا اور کراچی سے راولپنڈی تک تاریخی ٹرین مارچ کے ذریعے الیکشن کمیشن کو باور کرایا جائے گا کہ کراچی کے عوام انتخابی بے قاعدگیوں کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے اور ہر سطح پر اس جمہوری ڈاکے کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے انتخابات کے دور رس اثرات مرتب ہوتے ہیں، کراچی میں جاری بدامنی، قتل و غارت گری اور ٹارگٹ کلنگ کی ایک اہم وجہ جعلی انتخابی فہرستیں اور الیکشن والے دن پولنگ اسٹیشنوں پر ٹھپہ مافیا کا قبضہ ہے اگر یہ صورتحال جوں کی توں برقرار رہی تو پورا انتخابی عمل بے معنی ہوکر رہ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سیاسی و مذہبی جماعتوں کی درخواست پر انتخابی فہرستوں کو نئے سرے سے مرتب کرنے کے جو احکامات دئیے تھے اس پر عمل درآمد نہ کرکے الیکشن کمیشن نے عوام کو شدید مایوس کیا ہے اور اپنے عمل سے عدالتی احکامات کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین مارچ کی تفصیلات 28 فروری کو ہونے والی پریس کانفرنس میں بتائی جائیں گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہر کے امن کو بحال کرنے، انتخابی فہرستوں کی درستگی کیلئے اور نئی نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ٹرین مارچ میں بڑی تعداد میں شریک ہوں۔
خبر کا کوڈ : 242778
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش