0
Friday 1 Mar 2013 13:03

دہشتگردی کی 80فیصد کارروائیوں میں لشکر جھنگوی ملوث ہے، کارروائی کے بعد پنجاب میں پناہ لیتے ہیں، رحمان ملک

دہشتگردی کی 80فیصد کارروائیوں میں لشکر جھنگوی ملوث ہے، کارروائی کے بعد پنجاب میں پناہ لیتے ہیں، رحمان ملک
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ کہتے ہیں دہشتگردی کی اسی فیصد کارروائیوں میں کالعدم لشکر جھنگوی ملوث ہے، دہشتگرد کارروائیوں کے بعد پنجاب میں پناہ لیتے ہیں، کل جماعتی کانفرنس اچھا قدم ہے۔ لندن جانے سے پہلے اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کو سات سو چونتیس لشکر جھنگوی کے افراد کی فہرست فراہم کر دی ہے، امید ہے پنجاب حکومت لشکر جھنگوی کے خلاف کارروائی کرے گی۔ رحمان ملک نے کہا لشکر جھنگوی کے دہشت گرد کارروائیوں کے بعد پنجاب میں چھپ جاتے ہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ ملک میں اسی فیصد دہشت گردی کی کارروائیوں میں لشکر جھنگوی ملوث ہے۔ رحمان ملک نے کہا کوئٹہ اور کراچی میں لشکر جھنگوی کے گرفتار افراد کی معلومات جلد فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا قومی اسمبلی میں لشکر جھنگوی کیخلاف بیان پر مسلم لیگ پریشان ہے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد اچھی بات ہے، دہشت گری کیخلاف قوم کو متحدہ ہوکر لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔ طالبان مذاکرت کے لئے سنجیدہ ہیں تو ہتھیار پھینک دیں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کو سرکاری دستاویزات تک رسائی دینا سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

 
دیگر ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے ہدایت کی ہے کہ لشکر جھنگوی کی پناہ گاہوں کی تلاش کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔ اس کے علاوہ ملک اسحاق کے خلاف تمام کیسوں کی تازہ تفصیلات پیش کی جائیں۔ اس سلسلے میں وزارت داخلہ میں ایک اعلٰی سطحی اجلاس ہوا، جس میں ملک کو درپیش سکیورٹی خطرات پر تفصیل سے غور کیا گیا اور وفاقی دارالحکومت کے اہم مقامات بالخصوص ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر غور کیا گیا اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی کالعدم تنظیم کا رکن کسی اور نام سے دوسری تنظیم میں سرگرم نہ ہوسکے۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی گئی کہ ملک اسحاق کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملات کا جائزہ لیا جائے۔ وزیر داخلہ نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد آئندہ ہفتے تجاویز پیش کی جائیں، تاکہ وفاقی حکومت کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی تیز کرسکے۔
خبر کا کوڈ : 243304
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش