0
Friday 30 Apr 2010 13:37

سارک ممالک علاقائی فورم کے قیام پر متفق،مشترکہ اعلامیہ جاری

سارک ممالک علاقائی فورم کے قیام پر متفق،مشترکہ اعلامیہ جاری
تھمپو:بھوٹان کے دارالحکومت تھمپو میں ہونے والی 16ویں سارک سربراہ کانفرنس 2 دن جاری رہنے کے بعد ختم ہو گئی۔17ویں سارک کانفرنس مالدیپ کے دارالحکومت مالے میں ہو گی،16 ویں سارک سربراہ کانفرنس کے اختتام پر 37نکاتی اعلامیہ جاری کر دیا گیا،کانفرنس کے اختتام پر جاری کیے گئے 37 نکات پر مشتمل اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس میں ہونے والی بات چیت پر عملدرآمد کیا جائے گا اور سارک کو مزید فعال بنایا جائے گا،تجارت کو بڑھانے،توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے مل کر کام کیا جائے گا،رکن ممالک ایک دوسرے کے تجربات کو شیئر کریں گے،خطے کے ممالک کی اہم شخصیات پر مشتمل ساوتھ ایشیا فورم قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، فورم مستقبل میں ترقی کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے تجاویز دے گا، سارک کے سلور جوبلی سال کی اہمیت کو رکن ممالک اپنی پالیسیوں میں نمایاں کریں گے،جمہوریت اور پارلیمانی امور سے متعلق معلومات کا تبادلہ کرنے پر اتفاق کیا گیا،سارک ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے سارک ڈویلپمنٹ فنڈز قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رکن ممالک ماحولیات تحفظ اور موسمی تغیرات کے اثرات کے بچاو کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ رکن ممالک ایک دوسرے سے معلومات کا تبادلہ کریں گے اور ٹیکنالوجی کو فروغ دیں گے۔اعلامیہ میں پاکستان نے ماحولیات کیلئے جو تجاویز دی تھیں وہ بھی مشترکہ اعلامیہ میں شامل کی گئی ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سارک ممالک پاکستان کے میثاق جمہوریت کو مدنظر رکھتے ہوئے سارک چارٹر آف ڈیموکریسی تیار کریں گے جس میں تمام ممالک جمہوریت کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے بات کی جائے گی۔اعلامیہ میں دہشت گردی اور انسانی اسمگلنگ پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ دہشت گردی خطے کے امن اور سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔
 سارک رہنماﺅں نے اسلام آباد میں ہو نے والی سارک ممالک کے وزرائے داخلہ کی کانفرنس کو خوش آمدید کہا ہے جبکہ رہنماﺅں نے سارک کانفرنس میں آسٹریلیا ،چین، ایران،جاپان،کوریا،موریشس، میانمر،امریکا اور یورپی یونین کی طرف سے مبصر بھیجنے کو خوش آمدید کہا۔





خبر کا کوڈ : 24798
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش