0
Monday 22 Apr 2013 19:44

باغیوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی، شامی افواج کو مکمل عوامی حمایت حاصل ہے، بشار الاسد

باغیوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی، شامی افواج کو مکمل عوامی حمایت حاصل ہے، بشار الاسد
اسلام ٹائمز۔ شام کے صدر بشار الاسد نے لبنان سے آئے ہوئے ایک اعلٰی سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام کے حالات میں بہتری آرہی ہے اور شامی افواج عوامی حمایت سے کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔ لبنانی وفد میں لبنان کی سیاسی پارٹیوں کے رہنما اور سکیورٹی فورسز کے اعلٰی عہدیدار شامل ہیں۔ شامی صدر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت باغیوں سے کوئی رعایت نہیں برتے گی، شام کو ہر قسم کی دہشتگردی سے نجات دلائی جائے گی اور دہشتگردوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے گا۔ بشار الاسد کا کہنا تھا کہ دہشتگرد گروہوں سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، اور ان کا ہر میدان میں سختی سے مقابلہ کیا جائے گا۔ 
تازہ ترین صورتحال کے مطابق شامی افواج نے دمشق کے مضافات اور ملک کے دیگر علاقوں میں باغیوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور مغربی حمایت یافتہ باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔ ادھر ادلیب میں بھی ایک کامیاب آپریشن کے نتیجے میں اسلحہ اور بارود سے بھری 4 گاڑیاں مسلح افواج نے اپنے قبضے میں لے لیں اور سڑک کنارے بچھی ہوئی تیرہ مختلف ٹینک شکن بارودی سرنگوں کو بھی ناکارہ بنا دیا۔ ذرائع کے مطابق یہ بارودی سرنگیں ترکی کی بنی ہوئی تھیں۔ اس آپریشن میں کئی باغیوں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

یاد رہے کہ شام مارچ 2011ء سے مرگ بار بدامنی کا شکار ہے، شام میں جاری اس لڑائی کے دوران اب تک سکیورٹی فورسز کی بہت بڑی تعداد سمیت ہزاروں شامی عوام بھی اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو  چکے ہیں۔ دمشق کی حکومت کہتی ہے کہ شام میں جاری اس لڑائی کو بیرونی ممالک سے کنٹرول کیا جا رہا ہے اور ایسی بھی رپورٹس ہیں کہ شام میں لڑنے والوں باغیوں کی ایک بہت بڑی تعداد غیر ملکی دہشتگردوں پر مشتمل ہے۔ شامی حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ شامی باغیوں کو مغرب اور اس کے علاقائی اتحادیوں، قطر، سعودی عرب اور ترکی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ انسانی حقوق کی بہت سے بین الاقوامی تنظیمیں شامی دہشتگردوں پر جنگی جرائم کے ارتکاب کا بھی الزام لگا چکی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 256823
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش