0
Thursday 2 May 2013 23:40

دہشتگردی کیخلاف جنگ ہماری ہے، آرمی چیف کی تقریر کے بعد کسی کو ابہام نہیں رہنا چاہیئے، ملک حبیب خان

دہشتگردی کیخلاف جنگ ہماری ہے، آرمی چیف کی تقریر کے بعد کسی کو ابہام نہیں رہنا چاہیئے، ملک حبیب خان
اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ ملک حبیب خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ ہماری جنگ ہے، آرمی چیف کی تقریر کے بعد کسی کو ابہام نہیں رہنا چاہیئے۔ سنیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال بہتر ہے، انہوں نے ایوان کو بتایا کہ کراچی کے 8 سے 10 مقامات پر فوج تعینات کی جائے گی۔ ایوان سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین صابر بلوچ نے کہا کہ مسلم لیگ کی جانب سے صدر کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، حالانکہ صدر وفاق کی علامت ہیں، تنقید ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اعتراف کر چکے ہیں کہ شہباز شریف کی تقریر سے وہ شرمندہ ہوتے ہیں۔ صابر بلوچ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پاگل ہیں۔ اس پر ن لیگ نے مطالبہ کیا کہ ان الفاظوں کو سینیٹ کی کارروائی سے حذف کیا جائے۔

مشاہد اللہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے سارے لوگ بھاگ کر بلوں میں گھس گئے ہیں اور ڈر کی وجہ سے انتخابی مہم بھی نہیں چلا رہے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ مشرف پر بھی انہی قوانین کا اطلاق ہونا چاہیئے جو عام شہری کیلئے ہیں، مشرف فرار کیس میں آئی جی اسلام آباد کو ایوان کے سامنے پیشرفت بتانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سنگین واقعہ ہے کہ رینجرز کے اہلکار مشرف کو عدالت سے لے گئے۔ ایم کیو ایم کے طاہر مشہدی نے کہا کہ 2 ہفتوں میں ایم کیو ایم کے 28 کارکن شہید کر دیئے گئے ہیں، طالبان وزیراعظم یا طالبان حکومت قبول نہیں۔ اے این پی کے حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کو الیکشن کمیشن انگلیوں پر نچا رہا ہے، یہ حکومت ہمیں تحفظ فراہم کرنے کے قابل نہیں۔ اجلاس غیرمعینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 260180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش