0
Thursday 2 May 2013 22:33

پاک فوج نے عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں 70 ہزار فوجیوں کی تعیناتی شروع کردی

پاک فوج نے عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں 70 ہزار فوجیوں کی تعیناتی شروع کردی
اسلام ٹائمز۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ الیکشن کیلئے جی ایچ کیو میں مرکزی سکیورٹی سیل قائم کر دیا گیا ہے، ملک بھر میں فوج کی تعیناتی کا عمل 5 مئی تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں سینئیر صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ انتخابات کے دوران حفاظتی انتظامات کیلئے ملک بھر میں 70 ہزار فوجی تعینات کئے جا رہے ہیں۔ بلوچستان میں فوج کی تعیناتی آج رات مکمل جبکہ سندھ اور پنجاب میں تعیناتی جمعہ سے شروع ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں فوج کی تعیناتی جاری ہے جبکہ فاٹا میں پہلے سے ہی فوج موجود ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج بیلٹ پیپر کی پرنٹنگ سے ترسیل تک مکمل حفاظتی حصار فراہم کر رہی ہے۔ 50 ہیلی کاپٹرز سکیورٹی اور بیلٹ پیپرز کی ترسیل میں کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ پاک فضائیہ کے جہاز اس کے علاوہ ہیں۔ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ ہر پولنگ اسٹیشن کیلئے بوقت ضروت کوئیک رسپانس فورس موجود ہوگی۔ سکیورٹی کیلئے ہیلی کاپٹرز کی کوئیک رسپانس فورس تیار رکھی جائے گی۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق، عام انتخابات میں سکیورٹی کیلئے پاک فوج کے 70 ہزار جوانوں کی تعیناتی کا عمل شروع کر دیا گیا جو پورے ملک میں 5 مئی تک مکمل ہو جائے گا، بلوچستان کے اکثر علاقوں میں فوج تعینات کر دی گئی جہاں آج رات تک یہ عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے راولپنڈی میں نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ عام انتخابات کے موقع پر آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو سول حکومت کی معاونت کیلئے طلب کیا گیا ہے، کراچی سمیت سندھ اور پنجاب میں فوج کی تعیناتی کا عمل کل سے شروع کیا جائے گا۔ عام انتخابات کیلئے فوج کی تعیناتی پورے ملک میں 5 مئی تک مکمل کر لی جائے گی، فاٹا میں انتخابات کے حوالے سے فوج کی تعیناتی کا الگ سے پلان بنایا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق عام انتخابات کی نگرانی الیکشن کمیشن ہی کرے گا، پاک فوج کو بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کی نگرانی، بیلٹ پیپرز اور بیلٹ باکسز کی ترسیل سمیت سکیورٹی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ بیلٹ پیپرز اور بیلٹ باکسز مکمل حفاظت کے ساتھ ریٹرننگ افسران تک پہنچائے جائیں گے، بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے دوران پاک فوج کے ہمراہ الیکشن کمیشن کا اسٹاف بھی ہوگا، الیکشن کے دوران سکیورٹی کی نگرانی کیلئے ایک سیل بنایا جائے گا۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ الیکشن کے حوالے سے فوج کا مینڈیٹ امن عامہ کا قیام ہے، بلوچستان اور دور دراز علاقوں کیلئے 50 ہیلی کاپٹرز بھی استعمال کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 260150
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش