0
Friday 24 May 2013 15:51

چین سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں ہماری مدد کرے، نواز شریف

چین سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں ہماری مدد کرے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے متوقع وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ چین ماضی کی طرح پاکستان میں مزید سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی پلانٹس لگانے میں مدد کرے تاکہ پاکستان میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے چھوٹے بڑے پراجیکٹس لگائے جاسکیں۔ ہمارے نمائندے کے مطابق یہ بات میاں نواز شریف نے جمعرات کو پاکستان کے دورے پر آئے چینی وزیرِاعظم لی کی چیانگ سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہی۔

اس ملاقات سے با خبر مسلم لیگ ن کے ایک رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ میاں نواز شریف نے وزیراعظم لی کی چیانگ سے کہا کہ چین پاکستان کو مدد دینے کی بجائے یہاں سرمایہ کاری کرے جس سے جہاں چین کو فائدہ ہوگا وہیں پر پاکستان میں روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین اپنے طرز پر کی جانے والی انفراسٹرکچر کی ترقی سے پاکستان کو بھی فیض یاب کرے اور اس حوالے سے پاکستان کی مدد کرے اور پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت پر توجہ مرکوز کرے۔

پاکستان میں سرمایہ کاری
میاں نواز شریف نے وزیراعظم لی کی چیانگ سے کہا کہ چین پاکستان کو مدد دینے کی بجائے یہاں سرمایہ کاری کرے جس سے جہاں چین کو فائدہ ہوگا وہیں پر پاکستان میں روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ اس مسلم لیگی رہنما کے مطابق میاں نوازشریف نے چینی وزیراعظم سے کہا کہ وہ گوادر پورٹ کوجلد ازجلد آپریشنل بنائے تاکہ پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔

چینی وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک مل کر خطے میں امن و امان اور معاشی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پروجیکٹس پر بات کی ہے، دفاعی و معاشی تعاون جاری رہے گا اور اقتصادی ترقی کو عروج پر لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر معاملے میں ایک دوسرے پر اعتماد کرتے ہیں اور چین نے ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کے ایک اہم دوست ہے۔ میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ انہیں چینی وزیراعظم نے چین کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ پاکستان کی سرکاری ٹی وی کے مطابق چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقات میں مسلم لیگ ن کے دیگر رہنما شہباز شریف، اسحاق ڈار اور چوہدری نثار بھی شریک تھے جبکہ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے بھی اس ملاقات میں شرکت کی۔

چین کے وزیرِاعطم دو روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں۔ دورے کے دوران دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی اور دیگر شعبوں میں تکنیکی تعاون کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ وزیراغطم لی کی چیانگ نے دورے کے آخری دن پاکستان کی ایوانِ بالا یعنی سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کیا ہے۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر اہم کردار ادا کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور گندھارا جیسی قدیم تہذیبوں کا مرکز ہے اور لاہورکا قلعہ، بادشاہی مسجد، موہنجوداڑو یہ سب پاکستانی ثقافت کی ترجمان ہیں۔ چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے سینیٹ سے خطاب میں کہا کہ اُن کے دورے کا مقصد بھی پاکستان اور چین کی دوستی کو مزید وسعت دینا ہے۔
خبر کا کوڈ : 267098
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش