0
Thursday 27 Jun 2013 10:29

کراچی، پشاور سمیت ملک بھر میں دہشتگردی ملکی سالمیت کے خلاف سازش ہے ،جے یو آئی کراچی

کراچی، پشاور سمیت ملک بھر میں دہشتگردی ملکی سالمیت کے خلاف سازش ہے ،جے یو آئی کراچی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کراچی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد غیاث نے کہا ہے کہ کوئٹہ، کراچی، مردان، پشاور اور گلگت میں دہشت گردی ملکی سالمیت کے خلاف سازش ہے۔ کراچی میں روزانہ بے گناہ عوام کی لاشیں گرتی ہیں مگر کوئی پرسان حال نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب میں احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے مولانا عمر صادق، قاضی فخر الحسن، قاضی امین الحق آزاد، حافظ محمد نعیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مولانا محمد غیاث نے کہا کہ نئی حکومت کے قیام سے قوم کو امن کی امید تھی مگر نئی حکومت کے قیام کے بعد دہشت گردی کی نئی لہر نے اہل وطن کو مضطرب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ شہر کراچی میں روزانہ کئی بے گناہوں کی لاشیں گرتی ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
 
مولانا محمد غیاث نے کہا کہ انتظامیہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے بجائے جمعیت علماء اسلام کے بے گناہ کارکنوں کے گھروں پر بلاجواز چھاپے مار کر انہیں گرفتار کرکے ان پر جھوٹے مقدمات قائم کر رہی ہے۔ مظاہرے سے مولانا عمر صادق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام جمہوریت پر یقین رکھنے، پرامن اور آئین کی پاسداری کرنے والی جماعت ہے۔ کچھ عناصر جمعیت کے خلاف مذموم سازشوں میں مصروف ہیں۔ ہم ان پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ جمعیت علماء اسلام کی امن پسندی کو اسکی کمزوری نہ سمجھا جائے اور جمعیت علماء اسلام کے خلاف انتقامی کاروائیاں بند کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے بے گناہ کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 277146
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش