0
Saturday 18 May 2024 20:01

ملک کو اس وقت طعن و تشنیع کی نہیں بلکہ متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے، حنیف طیب

ملک کو اس وقت طعن و تشنیع کی نہیں بلکہ متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے، حنیف طیب
اسلام ٹائمز۔ نظام مصطفیٰ پارٹی کے چیئرمین سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب کی صدارت میں پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ملک کو درپیش سیاسی و معاشی مسائل، غزہ فلسطین کی کشیدہ صورت حال و دیگر امور زیر غور لائے گئے۔ اجلاس میں پروفیسر عبدالجبار قریشی، عبدالقدیر شریف، حاجی احمد مجاہد، تاج الدین صدیقی، احسان اللہ صدیقی، محمد صلاح الدین و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارلیمنٹ میں غیر سنجیدہ ماحول، ہنگامہ آرائی، ایک دوسرے کے خلاف نازیبا الفاظ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت کسی کے اوپر کچڑ اچھالنے یا طعن و تشنیع کی نہیں بلکہ متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان دہشت گردی سمیت، معاشی مشکلات کا شکار ہے، منتخب سیاسی رہنما جب کسی ٹی وی ٹاک شو، جلسہ یا پارلیمنٹ میں عوامی مسائل کی بات کرنے کے بجائے آپس کی لڑائی میں لگے ہوتے ہیں تو عوام کو کتنا شدید دھچکا لگتا ہوگ، ملک و قوم کو مشکلات سے نکالنے کیلئے سیاست دانوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں غزہ کی صورت حال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا اسرائیل کے غزہ میں ظلم تشدد، وحشیانہ بمباری روز بروز بڑھتی جارہی ہے، بچوں، مرد، خواتین کی بکھری، سرکٹی تشدد زدہ لاشوں پر عالمی اداروں، مسلم تنظیموں کی بے حسی شرمناک ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مسلم حکمرانوں کو اسرائیل کے خلاف سخت، مؤثر اور جرأت مندانہ اقدامات اٹھانا چاہیئے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ اجلاس میں غزہ فلسطین کے حوالے سے اسلامی ممالک کے سربراہان کو بھرپور اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ اجلاس کے آخر میں ملک و قوم کی خوشحال، فلسطین، کشمیر سمیت عالم اسلام کے مسلمانوں کی جان مال کی حفاظت اور حاجی محمد حنیف طیب کی مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 1135962
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش