0
Wednesday 3 Jul 2013 18:57

حکومت کو پاکستان کی سلامتی کیلئے دوغلی پالیسیوں کو ترک کرنا ہوگا، حلیم عادل شیخ

حکومت کو پاکستان کی سلامتی کیلئے دوغلی پالیسیوں کو ترک کرنا ہوگا، حلیم عادل شیخ
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ قائداعظم سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ حکومت دوغلی پالیسیوں پر ملک چلانا بند کرے۔ حکومت بدعنوان افسروں کا احتساب کرنا چاہتی ہے تو اس کا آغاز اوپر سے شروع کرے۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اغیار سے بھیک مانگنے کے بجائے ملکی وسائل سے فائدہ اٹھائے۔ اگر عوام کے شفاف ووٹوں کی گنتی ہوتی تو ایک اچھی پارلیمنٹ وجود میں آسکتی تھی۔ امن و امان کے لحاظ سے صورتحال ماضی سے بھی زیادہ خراب ہو چکی ہے۔ حکومتی اقدامات تخریب کاروں کے حوصلے بلند کر رہے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وفاقی حکومت دو طرفہ دباﺅ کا شکار ہے۔ ایک طرف ملک میں موجود وہ عناصر جنھوں نے انہیں جتوانے کے لئے گھناﺅنے کھیل کھیلے ہیں اور دوسری طرف وہ بیرونی طاقتیں جن کی خواہشات کی تکمیل کا وعدہ لیکر یہ حکومت وجود میں آئی ہے۔ حکومت نے اگر پاکستان کی سلامتی کو عزیز رکھنا ہے تو اسے دوغلی پالیسیوں کو خیر آباد کہنا ہوگا اور خالصتاً ملکی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔
 
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عوام بجلی کے ساتھ پانی کو بھی ترس رہے ہیں اور حکمرانوں کی ڈرائنگ روم کی سیاست اس ظلم سے بے خبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردی کی روک تھام کرنے کے بجائے بزدلانہ پالیسیوں پر چلنا شروع کر دیا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ حکومت نے آتے ہی عوام پر نفسیاتی حربے استعمال کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ حکومت میں شامل موجود وفاقی وزراء اور سیکرٹریوں کی ایک بڑی فوج نت نئے غلط فیصلوں سے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بدعنوان سرکاری افسروں کو فارغ کرنے کا کہا گیا ہے، وہاں ایوان صدر اور وزیراعظم ہاوس میں چاپلوسی اور سب اچھا کی رٹ لگانے والوں کو بھی نکال باہر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر حکومت ملکی اداروں میں تصادم کی کوششیں کرنے جا رہی ہے۔ قومی خزانہ حکومتی ڈاکوﺅں نے لوٹ لیا اور اس کا خمیازہ عوام سے وصول کیا جا رہاہے۔ لوٹی ہوئی دولت واپس لے لی جائے تو اس طرح کشکول اٹھانے سے بچ سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 279319
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش