0
Sunday 21 Jul 2013 15:56

آزاد خطہ کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے، چوہدری مجید

آزاد خطہ کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے، چوہدری مجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے سانحہ رام بن کے شہداء کے جنازہ پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور حریت قیادت کی نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے مکروہ عزائم کا نوٹس لیں اور بھارت کو برصغیر کا امن برباد کرنے سے باز رکھیں۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی دنیا کو باور کرایا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ملٹری کیمپ میں تبدیل کر رکھا ہے اور اپنے اس غیرقانونی قبضے کو دوام دینے کے لیے بھارتی فوج کے ڈیتھ سکواڈ ترتیب دے رکھے ہیں جو کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی پیراملٹری فورسسز نوجوان نسل کی ٹارگٹ کلنگ، پراسرار ہلاکتوں، گمنام قبروں اور عورتوں و بچوں پر بدترین مظالم کرنے کے جنگی جرائم میں ملوث ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز مظفرآباد میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔

انھوں نے کہاکہ سانحہ رام بن میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی شہادت اور قرآن پاک کی نے حرمتی ہمارے لیے ناقابل برداشت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے سانحہ کے خلاف آزاد کشمیر میں چار روزہ سوگ کا اعلان کر رکھا ہے اور اس سانحہ کے خلاف سوموار کے روز دنیا بھر میں آباد کشمیری یوم سیاہ منائیں گے۔ احتجاجی ریلیاں منعقد کر کے دنیا کو بھارتی سیکولرازم کا اصل روپ دکھا دیں گے۔ یوم سیاہ کے موقع پر نام نہاد سیکولر اسٹیٹ کو عالمی دنیا میں ایکسپوز کریں گے اور دنیا کو بھارت کا اصل روپ دکھا دیں گے۔

وزیراعظم نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ فرقہ واریت کے خاتمے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت آزاد خطہ میں اتحاد و یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے اور آزاد کشمیر کو مکمل اسلامی فلاحی معاشرے میں تبدیل کر رہی ہے۔ علماء کرام اس سلسلہ میں حکومت کی رہنمائی کریں تاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں صحیح معنوں میں اسلام کی عملداری کے ذریعے گوڈگورننس کو فروغ دیا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 285399
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش