0
Friday 16 Aug 2013 08:44

پونچھ سیکٹر میں بھارت و پاکستان کے مابین سرحدی کشیدگی ہنوز جاری

پونچھ سیکٹر میں بھارت و پاکستان کے مابین سرحدی کشیدگی ہنوز جاری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان و بھارت کی یوم آزادی کے موقعہ پر بھی جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے سرحدی علاقوں میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے دوران مینڈھر میں دو عام شہری اور تین ہندوستانی فوجی زخمی ہوئے ہیں، سرحد پر صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ہے جس کے پیش نظر حد متارکہ پر بس رہے کئی کنبے محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں، گزشتہ 5 روز میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا یہ 11واں واقعہ ہے، اطلاعات کے مطابق یوم آزادی ہند کے موقعہ پر مٹھائیاں تقسیم کرنے کے بجائے دونوں ملکوں کی افواج نے ایک دوسرے پر گولیاں، مارٹر شیل اور خودکار ہتھیار برسائے جس کے نتیجہ میں 3 فوجیوں سمیت 5 افراد زخمی جبکہ درجنوں مویشی ہلاک ہوئے ہیں، مینڈھر تحصیل میں بالاکوٹ سے منکوٹ تک کا سرحدی علاقہ فائرنگ کی زد میں رہا جہاں 10 پوسٹوں پر کل صبح 6 بجے تا دن 3 بجے تک زبردست فائرنگ ہوتی رہی، ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستانی فوجیوں کی طرف سے پھینکا گیا 82 ایم ایم کا مارٹر شیل بالاکوٹ کے رہائشی علاقے میں آن گرا جس کی زد میں آکر پرویز احمد نامی شہری بری طرح سے زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔

علاوہ ازیں فائرنگ اور مارٹر گولوں سے اسی علاقے میں مورچے میں ڈیوٹی دے رہے پندرہ بہار سے وابستہ تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں، تینوں فوجیوں کو آرمی ہسپتال راجوری میں منتقل کیا گیا، وہیں منکوٹ سیکٹر میں شمیم احمد نامی شخص بھی زخمی ہوا جو اس وقت راجوری ہسپتال میں زیر علاج ہے، مینڈھر کے بسونی علاقے میں پاکستانی فوج کی طرف سے داغے گئے راکٹ سے درجنوں مویشی ہلاک ہوئے ہیں، مقامی ذرائع کے مطابق پور ے علاقے میں تناﺅ کی سی صورتحال بنی ہوئی ہے اور فوج کی طرف سے ہائی الرٹ جاری کردی گئی ہے، سرحد پر کشیدہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے بالاکوٹ اور منکوٹ کے کئی کنبہ جات محفوظ مقامات پر چلے گئے ہیں جبکہ دیگر کنبوں کی ہجرت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 292953
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش